12 ربیع الاول، جلوسوں کی گزرگاہوں اور ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  اتوار 11 دسمبر 2016
شارع قائدین سے پرانی نمائش کی جانب آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے آگے آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

شارع قائدین سے پرانی نمائش کی جانب آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے آگے آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک نے بروز پیر 12 دسمبر کو 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر متبادل راستوں اور جلوسوں کی گزر گاہوں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق دعوت اسلامی کا جلوس زیر قیادت یعقوب عطاری ڈھائی بجے دوپہر برآمد ہوگا جو شہید مسجد کھارادر، پلاسٹک مارکیٹ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاؤس، جامع کلاتھ، سعید منزل، فریئر چوک، لیفٹ ٹرن، ناصرہ اسکول تا مسجد گلزار حبیب تک جائے گا جبکہ مولانا اصغر درس و مولانا اکبر درس کی زیر قیادت جلوس بوقت ڈھائی بجے دوپہر نکالا جائے گا جو میمن مسجد کھارادار، ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر، ریگل چوک، شارع لیاقت تا آرام باغ مسجد تک جائے گا، تیسرا جلوس اہلسنّت والجماعت زیر قیادت شاہ عبدالحق قادری دوپہر 3 بجے برآمد ہوگا جو میمن مسجد کھارادار، ایم اے جناح روڈ، کیپری لائٹ سگنل، نمائش چورنگی تا نشتر پارک پہنچے گا۔

جلوسوں کی آمد کے حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاول ایم اے جناح روڈ کے مرکزی جلوس اور شہر کے دیگر جلوسوں کے حوالے سے عام شہریوں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ جیسے ہی جلوس شہید مسجد و میمن مسجد سے روانہ ہوگا تو کسی بھی قسم کی ٹریفک کو لیمارکیٹ، آغا خان جماعت خانہ، کرین چورنگی، جی الانہ روڈ، کھارادر اور مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے کی اجازت نہ ہوگی اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا جو ٹریفک کیماڑی کی جانب سے براستہ جناح برج ٹاور کی جانب آرہی ہوگی اس کو جلوس کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا اور انھیں بھی متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بارہ ربیع الاول کو ٹریفک کو مختلف متبادل راستوں سے ٹاور تا نشتر پارک تک موڑ دیا جائے گا جس میں میری ویدرٹاور سے ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ جنکشن سے ممتاز حسن روڈ (بینک الفلاح والی گلی)، آئی آئی چندریگر روڈ جنکشن، میر کرم علی تالپور روڈ (نیشنل بینک ہیڈ آفس والی گلی)، شارع لیاقت جنکشن سے ایوان تجارت روڈ، شارع لیاقت جنکشن سے سرائے عالمگیرروڈ (سندھ مدرسہ)، شارع لیاقت جنکشن سے الطاف حسین روڈ(نیو چالی)، شارع لیاقت جنکشن سے حسن علی آفندی روڈ (جھنڈی والی گلی)، شارع لیاقت جنکشن سے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ (ضیاء الدین سگنل)، شارع لیاقت جنکشن سے بابائے اردو روڈ (سول اسپتال روڈ)، شارع لیاقت جنکشن سے محمد بن قاسم روڈ (فریسکو چوک)، شارع لیاقت جنکشن سے سڑک منجانب ہائی کورٹ، شارع لیاقت جنکشن سے سرمد روڈ (سندھ سیکریٹریٹ)، شارع لیاقت جنکشن سے عبداﷲہارون روڈ (ریگل چوک) پریڈی اسٹریٹ جنکشن سے ڈاکٹر داؤد پوتاروڈ، پریڈی اسٹریٹ جنکشن سے پریڈی پولیس اسٹیشن روڈ، عبداﷲہارون روڈ جنکشن بالمقابل غفورچیمبر جنکشن سے آغاخان روڈ سے گرامر اسکول، ڈاکٹر داؤد پوتا روڈ جنکشن سے سڑک منسفیلڈ اسٹریٹ اور وہاں سے سڑک جانب لائنز ایریا، تمام سڑکیں، گلیاں اور لائنیں نیز منسفیلڈ اسٹریٹ سے لیکر پرانی نمائش تک، شارع قائدین جنکشن سے لنک روڈ عقب مزار قائد اعظم، لنک روڈ جنکشن سے عقب مزار قائد اعظم، دادا بھائی نورجی روڈ پیپلز چورنگی جنکشن بالمقابل اسلامیہ کالج اور جنکشن الطاف حسین روڈ سے سڑک جانب پرانا بازار، سٹی کورٹ نزد ڈینسو ہال، ڈاکٹر طاہر سیف الدین روڈ جنکشن سے سڑک جانب حسن علی عقب سیشن کورٹ، حسن علی آفندی روڈ جنکشن سے چاند بی بی روڈ، این جی وی اسکول جنکشن سے ایم اے جناح روڈ، جمیلہ اسٹریٹ جنکشن سے سڑک جانب انکل سریا اسپٹل، آغاخان روڈجنکشن سے کوسٹ گارڈ روڈ، سولجر بازار جنکشن سے کیانی روڈ بالمقابل کوسٹ گارڈ، سولجر بازار جنکشن سے منسفیلڈ اسٹریٹ، وہ تمام گلیاں، کٹ اور سڑکیں واقع سولجر بازار، بہادر یار جنگ روڈ آغاخان روڈ تا گرومندر اور وہ تمام اندرونی گلیاں، کٹ و سڑکیں جو الطاف حسین روڈ تا انکل سریا اسپتال چوک سے تمام ٹریفک جو کہ یونیورسٹی روڈ کی طرف سے براستہ نیو ایم اے جناح روڈ کی طرف آنا چاہے اسے جیل فلائی اوور کے نیچے سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ اس ٹریفک کو جیل فلائی اوور یا کشمیر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

تمام ٹریفک جو کہ یونیورسٹی روڈ کی طرف سے براستہ نیو ایم اے جناح روڈ کی طرف سے ہوتا ہوا ایم اے جنا ح روڈ جانا چاہے اس ٹریفک کو پیپلز چور نگی بائیں جانب عائشہ عزیز چورنگی سے شارع قائدین یا سیدھا کوریڈور III سے صدر کی جانب موڑ دیا جائے گا، وہ تمام ٹریفک جو کہ گرومندرکی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنا چاہے اس ٹریفک کو بنوری ٹاؤن لائٹ سگنل سے سینٹرل جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا، وہ تمام ٹر یفک جو کہ لسبیلہ، بزنس ریکارڈر روڈ سے آنا چاہے اسے ایم جناح روڈ کی جانب آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم اس ٹریفک کو جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، بنوری لائٹ سگنل سے نیو ایم اے جناح یا جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا، تمام سڑکیں، گلیاں جانب بہادر یار جنگ، گرومندر تا منسفیلڈ اسٹریٹ مکمل طور پر تمام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

شارع قائدین سے پرانی نمائش کی جانب آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے آگے آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس ٹریفک کو عائشہ عزیز چورنگی سے کشمیر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا، جیسے ہی مولانا اکبر درس و اصغر درس کا جلوس میمن مسجد سے آرام باغ مسجد کے لئے روانہ ہوگا تو اس وقت ایمپریس مارکیٹ سے آنے والی تما م ٹریفک کو زیب النساء اسٹریٹ پر موڑ دیا جائے گا اور شارع لیاقت پر آنے والی تمام ٹریفک کو آرام باغ لائٹ سگنل سے ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ پر موڑ دیا جائے گا اور کورٹ روڈ سے آنے والی تمام ٹریفک کو کورٹ چورنگی سے واپس ایم آر کیانی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا تاہم تبت سینٹر تا ریگل چوک اور ریگل چوک تا آرام باغ مسجد تک کسی بھی گاڑی کو پارک کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔