ٹورز پر 1 کروڑ پھونکنے کے بعد نجم سیٹھی کی صفائیاں

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 11 دسمبر 2016
پی سی بی پیٹرن وزیراعظم نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کا کہا تو انکار نہیں کیا جا سکتا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی پیٹرن وزیراعظم نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کا کہا تو انکار نہیں کیا جا سکتا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: نجم سیٹھی ٹورز پر ایک کروڑ روپے پھونکنے کے بعد صفائیاں پیش کرنے لگے، بی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور کو دیا جانے والا اسٹیٹمنٹ میں نے خود بنایا تھا، پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں بار بار یواے ای جانا پڑا،رواں سال دورے آدھے رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی حکام کے غیر ملکی ٹورز پر بھاری اخراجات کے بارے میں رپورٹ گذشتہ دنوں’’ایکسپریس‘‘ میں شائع ہوئی تھی، بین الصوبائی رابطہ امور کو فراہم کیے جانے والے ریکارڈ سے مدد لیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ سب سے زیادہ رقم ایک کروڑ روپے پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نجم سیٹھی کے دوروں پر خرچ ہوئی۔

گذشتہ روز ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’اسپورٹس پیج‘‘ میں میزبان مرزا اقبال بیگ سے گفتگو میں انھوں نے اس حوالے سے وضاحت پیش کی، انھوں نے کہا کہ آئی پی سی نے سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، موجودہ سربراہ شہریار خان، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور میرے ٹورز کے حوالے سے تفصیلات طلب کی تھیں، سارا اسٹیٹمنٹ میں نے خود بنایا، میرے اخراجات اس لیے  زیادہ رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے معاملات کیلیے باربار یواے ای جانا پڑا، ممکنہ وینیو قطرکے دورے کرنا پڑے، صرف 6ماہ کا وقت اور بہت ساراکام کرنا تھا،حقیقت تو یہ ہے کہ پی ایس ایل نے مجھے 10سال بوڑھا کردیا،اس کے علاوہ بھی ضروری ٹورز تھے جس کی ایک ایک تفصیل دے سکتا ہوں

نجم سیٹھی نے کہا کہ رواں سال لیگ کے دوسرے ایڈیشن سے قبل بہت ساری چیزیں طے ہوچکی ہیں، اس لیے ٹورز اور اخرجات پہلے کی بانسبت نصف ہونگے، ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی کے پیٹرن وزیر اعظم ہیں،انھوں نے شہریار خان کو چیئرمین بنایا، اگر وہ کہیں گے کہ عہدہ سنبھالو تو انکار نہیں کیا جا سکتا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔