کوہلی نے انگلش امیدوں کی بنیاد کھوکھلی کردی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  اتوار 11 دسمبر 2016
عادل رشید، معین علی اور جوئے روٹ نے 2،2 وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

عادل رشید، معین علی اور جوئے روٹ نے 2،2 وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

ممبئی: ویرات کوہلی نے انگلش امیدوں کی بنیاد کھوکھلی کردی، کپتان کی شاندار سنچری سے تقویت پاکر بھارت نے تیسرے دن کے اختتام تک7 وکٹ پر 451 رنز بنالیے،51 کی برتری بھی حاصل ہوگئی،کوہلی 147رنز پر ناقابل شکست ہیں، مرلی وجے نے 136 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے تیسرے دن کا آغاز 146 رنز ایک وکٹ سے کیا، اوور نائٹ جوڑی دوسری ہی گیند پر ٹوٹ گئی جب چتیشور پجارا 47 رنز پر ہی جیک بال کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اب ویرات کوہلی نے مرلی وجے کو جوائن کیا، دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 116 رنز جوڑ کر مجموعے کو 262 تک پہنچایا، اس دوران مرلی وجے نے سنچری مکمل کی تاہم 136 رنز پر عادل رشید نے انھیں اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین واپس بھیج دیا، کرن نائر نے 13 رنز بنائے تھے کہ معین علی نے ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کردی، اس پر تھرڈ امپائر نے کافی دیر تک ری پلیز کا جائزہ لینے کے بعد انگلینڈ کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔

پارتھیو پٹیل کو 15 رنز پر جوئے روٹ نے رخصت کیا،کیچ وکٹ کیپر بیئراسٹو نے تھاما، روٹ نے ہی ایشون کو صفر کی خفت سے دوچار کیا، جڈیجا نے دوسرے اینڈ پرموجود ویرات کوہلی کا ساتھ دینے کی کوشش کی مگر 25 رنز پر عادل رشید کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اب کوہلی نے جیانت یادیو کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھانا شروع کیا، جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت نے 7 وکٹ پر 451 رنز بنالیے تھے، کوہلی 147 اور یادیو 30 رنز پر کھیل رہے تھے۔عادل رشید، معین علی اور جوئے روٹ نے 2،2 وکٹیں لیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔