پنجاب بھرمیں آج بھی دھند کے باعث نظام زندگی مفلوج

ویب ڈیسک  اتوار 11 دسمبر 2016
انتطامیہ کی جانب سے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا۔ فوٹو: فائل

انتطامیہ کی جانب سے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب بھر میں آج بھی دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے جس کے باعث مختلف شہروں میں حد نگاہ صفر ہو گئی اور موٹر وے کے بیشترسیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کرنا پڑا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق آج پھرصوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جب کہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔ شدید دھند سے لاہور، ننکانہ، اوکاڑہ، اوچ شریف، سرگودھا، میاں چنوں، خانیوال، فیصل آباد، رحیم یارخان، ملتان، بہاولپور، جلال پوربھٹیاں، سکھیکی اورگردونواح سمیت متعدد علا قوں میں اکثر مقامات پر حد نگاہ صفرہوگئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 لاہور سے پنڈ ی بھٹیاں اورموٹر وے ایم 4 فیصل آباد سے گوجرہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شہری موٹر وے پر سفر کرنے سے قبل ہیلپ لائن 130 پرکال کرلیں جب کہ موٹروے پولیس کی ڈرائیور حضرات کو محتاط فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ بعد ازاں دھند جھٹنے کے باعث موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔

ساہیوال میں دھند کی وجہ سے 7 سے زائد گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ انتطامیہ کی جانب سے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔  فیسکو ترجمان کے مطابق فیصل آباد میں بھی دھند کے باعث ٹرانسمیشن لائنوں میں خرابی آگئی ہے جس کے باعث شہر میں بجلی معطل ہوئی ہے، فیصل آباد سمیت فیسکو ریجن کے دیگر اضلاع میں بجلی کی فراہمی متاثر جب کہ بجلی کی بندش سے شہریوں کوروزمرہ کے امور نمٹانے میں مشکلات کا سامنا بھی کرپڑرہا ہے۔ بورے والا میں بھی 132 کے وی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی 9 گھنٹوں سے معطل ہے جس کے باعث  شہر اور 700 سے زائد دیہات بجلی سے محروم ہوگئے جب کہ اکثر علاقوں میں پانی کا ذخیرہ بھی ختم ہو گیا ہے۔

شدید دھند کے باعث سرگودھا روڈ پر کار اور ڈمپر میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا ہے جب کہ رحیم یارخان میں اقبال آباد کے قریب قومی شاہراہ پر کار، ڈمپراورمسافر بس آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں آج ہلکی بارش کاامکان ہے، بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ جائےگی جب کہ 2 سے 3 روزمیں دھند مکمل چھٹ جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوامیں نمی کا تناسب 100 فیصد ہے۔

کشمور میں بھی دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے 16 پیداواری یونٹ ٹرپ کرگئے، ٹرپنگ کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔