بالی ووڈ کے کنگ خان غدار قرار

ویب ڈیسک  اتوار 22 جنوری 2017
بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے شاہ رخ کو ملک کا غدار قرار دے دیا۔ فوٹو؛ فائل

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے شاہ رخ کو ملک کا غدار قرار دے دیا۔ فوٹو؛ فائل

ممبئی: بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور ان کی فلم ’’رئیس‘‘ کے خلاف کھل کر میدان میں آگئی ہے اور اداکار کو غدار قرار دے دیا۔

شاہ رخ خان کو ہندو انتہا پسندوں اور بی جے پی کو بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اورعدم برداشت پر آئینہ دکھانا خاصہ مہنگا ثابت ہورہا ہے اسی لیے ہندو انتہا پسندوں نے شاہ رخ کی فلموں’’دل والے‘‘ اور ’’فین‘‘ کو ناکام بنانے کے باوجود اب بھی  متعصبانہ رویہ اپنا رکھا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:شیوسینا کی ماہرہ کی فلم “رئیس” کی اسکریننگ پرتقسیم کاروں کو دھمکی

بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی شاہ رخ خان اور ان کی نئی آنے والی فلم’’رئیس‘‘ کے خلاف کھل کر میدان میں آگئی ہے اورپارٹی کے جنرل سیکریٹری کیلاش وجے ورگیا نے ٹوئٹر پر کنگ خان کو ملک کا غدار قرار دیتے ہوئے ان کی فلم ’’رئیس‘‘ کا بائیکاٹ اور ہریتھک روشن کی فلم ’’کابل‘‘ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کیلاش وجے کا کہنا تھا کہ جو’’رئیس‘‘ ملک کا نہیں وہ کسی کام کا نہیں اور ایک ’’کابل‘‘محب وطن کا ساتھ تو ہم سب کو دینا ہی چاہیے۔

دوسری جانب  بی جے پی کے رہنما کی ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے  اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’’رئیس‘‘میں شاہ رخ کے مد مقابل پاکستانی بیوٹی کوئین ماہرہ خان نے مرکزی کردارادا کیا ہے اور فلم 25 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جب کہ اسی روز ہریتھک روشن کی فلم ’’کابل‘‘ بھی ریلیز ہوگی جس کے باعث دونوں فلموں کے مابین باکس آفس پر اچھے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔