نیلم منیر نے ڈانس والی ویڈیو پر خاموشی توڑ دی

جاوید یوسف  جمعـء 3 فروری 2017
مزید فلموں کے اسکرپٹ ملے ہیں پسند آنے پرفائنل کرکے تفصیلات میڈیا کو خود بتاؤں گی۔ فوٹو : فائل

مزید فلموں کے اسکرپٹ ملے ہیں پسند آنے پرفائنل کرکے تفصیلات میڈیا کو خود بتاؤں گی۔ فوٹو : فائل

 لاہور: ماڈل واداکار نیلم منیر نے کہاہے کہ میری ڈبیو فلم’’چھپن چھپائی‘‘ عیدالفطر پر ریلیز ہوگی، جس کی عکسبندی مکمل ہوچکی، صرف ایک گانا رہ گیا  جس کو پروڈیوسر اور ہدایتکار بیرون ملک شوٹ کرنا چاہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے ڈانس وڈیو میں ایسا کچھ نہیں کہ جس کی وجہ سے اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، فرینڈلی اور ہنس مکھ ہوں  جس کا غلط مطلب لیا جارہا ہے۔ انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

نیلم منیر کا کہنا تھا کہ یہ وڈیو ایک ماہ پرانی ہے جو میری ایک دوست نے گاڑی میں بیٹھے ہوئی بنائی تھی  ،اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ یہ سب میں نے  جان بوجھ کر سستی شہرت کے لیے  خود سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا ہے تو ایسا کچھ نہیں ۔مجھے اس طرح کی شہرت اور مقبولیت کی کوئی ضرورت نہیں تاہم کراچی اور لاہور میں بننے والی میگا ڈرامہ سیریلز پروجیکٹس کر رہی ہوں۔ ان دنوں لاہور آن ائیر جانے والی سیریل کی ریکارڈنگ کے لیے آئی ہوئی ہوں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : صبا قمر نیلم منیر کی حمایت میں نکل آئیں

نیلم منیر نے کہا یہ وڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو میں نے اپنی والدہ اور بہن کو بتایا جنہوں نے میری ہمت بندھائی اور کہا کہ  تم نے اس میں ایسا کچھ نہیں کیا کہ جس کی وجہ سے پریشان ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہرحال وڈیو کو لڑکیوں نے پسند کیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ دوست واحباب سبھی جانتے ہیں کہ میں فرینڈلی ہوں اور فرصت کے لمحات کو بھرپور انجوائے کرتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’چھپن چھپائی‘‘ میں کام کرنا  میرا ایک اچھا تجربہ ہوا ہے یہ میرے فلمی کیرئیر کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ مجھے مزید فلموں کے لیے اسکرپٹس آئے ہوئے ہیں جن میں سے جو پسند آیا تو اس کو فائنل کرکے اس کی تفصیلات میڈیا کو خود بتاؤں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔