سپر لیگ: جاوید میانداد کا مرکزی کردار باقی نہ رہا

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 11 جنوری 2013
ایونٹ کے ایم ڈی سلمان سرور بٹ ہوں گے، ہارون لورگاٹ کو کنسلٹنٹ اور ذاکر خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔  فوٹو: فائل

ایونٹ کے ایم ڈی سلمان سرور بٹ ہوں گے، ہارون لورگاٹ کو کنسلٹنٹ اور ذاکر خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:  پاکستان سپر لیگ میں جاوید میانداد کا مرکزی کردار باقی نہ رہا، ڈی جی بورڈ کو سبحان احمد اور بدر رفاعی کے ساتھ گورننگ کونسل میں رکھا گیا ہے جس کے چیئرمین ذکا اشرف ہیں۔

ایونٹ کے ایم ڈی سلمان سرور بٹ ہوں گے، ہارون لورگاٹ کو کنسلٹنٹ اور ذاکر خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔ جمعرات کو لیگ کے تعارفی پروگرام کی میزبانی کرنے والے عثمان واہلہ نے بریفنگ کیلیے سلمان سرور بٹ کو بلایا۔

یوں عملی طور پر کچھ روز قبل ’’ایکسپریس‘‘ میں شائع ہونے والی اس خبر کی تصدیق ہو گئی کہ میانداد کا ایونٹ کے انعقاد میں مرکزی کردار باقی نہیں رہا، اسٹیج پر موجود چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، کنسلٹنٹ ہارون لورگاٹ، بورڈ کے سی او اوسبحان احمد،ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد اور سلمان سرور بٹ خصوصی تیاری کے ساتھ تقریب میں آئے تھے، بیشتر ممکنہ سوالوں کے جوابات تحریری شکل میں میز پر موجود تھے۔

حیران کن طور پر ایونٹ کے بارے میں صحافیوں کے زیادہ تر سوال انہی نوٹس کے گرد گھومتے رہے۔ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، ٹوئنٹی 20 قائد محمد حفیظ، شعیب ملک، کامران اکمل، کوچ ڈیو واٹمور، فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین، پی سی بی ویمنز ونگ کی چیئر پرسن بشریٰ اعتزاز،ٹیم کی کپتان ثنا میر اور ڈیف ٹیم کے قائد ذکا قریشی بھی تقریب میں موجود تھے۔

ہال میں لگائی گئی دو بڑی اسکرینز پر تقریب سے قبل قومی ٹیم اور کرکٹرز کے یادگار لمحات کی ویڈیوز دکھائی جاتی رہیں، بعد ازاں مصباح الحق، محمد حفیظ ، کامران اکمل، شعیب ملک، سہیل تنویر، وہاب ریاض، عمران فرحت اور احمد شہزاد بھی پاکستان سپر لیگ کی پروموشن کے حوالے سے تعارفی جملے کہتے اسکرین پر نظر آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔