پارا چنار کے مرکزی بازار میں دھماکے سے 24 افراد جاں بحق، 95 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 31 مارچ 2017
جاں بحق  ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اسپتال انتظامیہ، فوٹو؛ پی پی آئی

جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اسپتال انتظامیہ، فوٹو؛ پی پی آئی

ہنگو: شہر کے مرکزی بازار میں دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق جب کہ 95 زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارا چنار کے مرکز میں واقع بازار میں عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف تھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال پارا چنار منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال حکام نے 24 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل انتظامیہ نے دھماکے میں 95 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں سے شدید زخمیوں کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پشاورمیں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا، 3 اہلکارشہید

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور لیویز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا، جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اس کے علاوہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک کار میں رکھا گیا تھا تاہم پولیٹیکل انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :لاہورکے علاقے ڈیفنس میں دھماکا

وزیر اعظم نواز شریف نے پارا چنار دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے  متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جب کہ  مقامی انتظامیہ کو پارا چنار دھماکے کے متاثرین کی ہرممکن امداد کی ہدایت بھی جاری کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے، ملک سے دہشت گردی کا ہر قیمت  پر خاتمہ کریں گے۔  وفاقی  وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی پارا چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔