امیر آف بہاول پور کا تین نشستوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 23 جنوری 2013
امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

بہاولپور: امیر آف بہاول پور اور سربراہ بہاول پور نیشنل عوامی پارٹی نواب صلاح الدین عباسی نے بہاول پور کی 2 اور رحیم یار خان کی ایک نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور صوبہ کو اصل شکل میں بحال کرائینگے۔

کسی مخدوم یا گیلانی کو اسکی ہیئت بدلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، بے نظیر بھٹو کے صوبہ بحالی کے وعدے پر انکی الیکشن میں سپورٹ کی تھی، پیپلزپارٹی اپنے زوال کو پہنچ چکی ہے، بہاولپور صوبہ بحالی کی خاطر گورنری کی پیشکش ٹھکرا دی۔ وہ یہاں محمد فاروق اعظم کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اگر بہاولپور صوبہ بحال نہ کیا گیا تو حکمرانوں سے ٹکر لینے کو تیار ہیں، مخدوم احمد محمود نے اڑھائی ماہ کی گورنری کی خاطر بہاولپور صوبہ کا سودا کیا اور اپنے مفاد کی خاطر بہاولپور کے عوام سے غداری کی۔

8

انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبہ میں ملتان اور ڈیرہ غازی خاں کو شامل کرنے کے ڈراما کو قطعاً کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو بھرپور احتجاج کریں گے، آئندہ الیکشن میں بھرپورحصہ لیں گے اِس الیکشن سے ہماری نسلوں کامستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ میاں برادران بہاولپور صوبہ کے حق میں اپنے بیانات کی لاج رکھیں اور اسکی بحالی کے لئے اپناکردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ مخدوم احمد محمود سے پہلے انہیں گورنر بنانے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے بہاولپور کے عوام کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی کرنے سے انکار کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔