سعودی شخص نے خود سے آگے چلنے پر بیوی کو طلاق دیدی

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017
کئی بار سمجھانے کے باوجود راستے میں آگے چلنے پر شوہر نے بیوی کو طلاق دیدی۔ فوٹو: فائل

کئی بار سمجھانے کے باوجود راستے میں آگے چلنے پر شوہر نے بیوی کو طلاق دیدی۔ فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب میں معمولی جھگڑوں پر میاں بیوی کے درمیان طلاق کی شرح میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

خلیجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق معمولی سی بات پر طلاق کا تازہ واقعہ سعودی عرب میں پیش آیا جہاں شوہر نے خود سے آگے چلنے پر اپنی بیوی کو طلاق دے دی۔ رپورٹ کے مطابق اس شخص کا کہنا ہے کہ اس نے کئی بار اپنے بیوی کو سمجھایا کہ وہ راستے میں چلتے ہوئے اس سے آگے نہ چلا کرے تاہم بات نہ ماننے پر اس نے بیوی کو طلاق دے دی۔

اسی طرح ایک سعودی شخص نے بیوی کو محض اس لیے طلاق دی کہ اس کی بیوی نے دعوت کے دوران مہمانوں کے سامنے بکرے کی سری نہیں رکھی۔ جب مہمان چلے گئے تو شوہر نے بیوی سے جھگڑا شروع کر دیا اور کہا کہ اس نے کھانے کا سب سے اہم جُز مہمانوں کے سامنے پیش نہ کر کے ان کی بے عزتی کی اور اسے اپنے دوستوں کے سامنے شرمندہ ہونا پڑا۔

واضح رہے کہ ماضی میں ایک خبر یہ بھی سامنے آئی تھی کہ سعودی شخص نے ہنی مون کے دوران اپنی بیوی کو پائل پہننے پر طلاق دے دی تھی کیوں کہ اسے پسند نہیں تھا کہ وہ پائل پہنے اور وہ اس حوالے سے اپنی بیوی کو بتا بھی چکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔