2 سال میں بجلی کے بحران کا خاتمہ اور 6 ماہ میں بلدیاتی الیکشن، مسلم لیگ(ن)کا انتخابی منشور

ویب ڈیسک  جمعرات 7 مارچ 2013
ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، نواز شریف فوٹو : ایکسپریس

ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، نواز شریف فوٹو : ایکسپریس

لاہور: مسلم لیگ(ن) نے اپنے انتخابی منشور میں ملک بھر میں بجلی کے بحران کو 2 سال میں ختم کرنے اور برسراقتدار آکر 6 ماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کا وعدہ کیا ہے۔

لاہور میں  مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پارٹی کے منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت منشور کو مقدس دستاویز تصور کرتی ہے۔ منشور میں ملک کی ترقی کے جامع منصوبے پیش کئے گئے ہیں۔ اس میں ایسی کوئی بھی چیز نہیں جس کا حصول ناممکن نہیں۔

منشور کے مطابق برسراقتدار آکر ملک میں دو سال کے اندر بجلی بحران کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ ملک میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن کا استعمال کرکے 5ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی جبکہ لائن لاسز پر کنٹرول کیلئے بھی سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

منشور میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بڑہتی ہوئی مہنگائی کے سبب جماعت غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات سے آگاہ ہے اس لئے ان کی حکومت آنے کی صورت میں مزدور کی کم از کم اجرت کو بڑھا کر 15ہزار روپے ماہانہ تک لایا جائے گا۔ شرح نمو کو بڑھا کر 6 فیصد تک لانے اور افراط زر کو گھٹا کر 8 فیصد لایا جائے گا۔ پاکستان ریلوے میں اصلاحات کی جائیں گی جبکہ پی آئی اے کو بہترین ایئر لائن بنایا جائے گا۔

منشور میں کہا گیا ہے کہ تعلیم کے بغیر دنیا کا کوئی بھی ملک باعزت زندگی نہیں گزار سکتا اس لئے ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ محصولات میں اضافے کیلئے ٹیکس اصلاحات لائی جائیں گی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے منشور میں ملک کی مجموعی صورت حال خصوصی طور پر کراچی میں امن کے قیام کیلئے خصوصی توجہ دینے اور اس سلسلے قومی سطح پر پالیسی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ اگر انہیں اپنی آئینی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج حالات ایسے نہ ہوتے ، پاکستان ایشیا کی سب سے مستحکم اور مضبوط معیشتوں میں سے ایک ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔