ایشوریا رائے کو بڑھتی عمر کا طعنہ مل گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جون 2018
ایشوریا 19سال کی نہیں لہٰذا آپ انہیں ایسے ڈانس اسٹیپس نہیں دے سکتے ہیں جن میں وہ نوجوان نظر آئیں، فرینک، فوٹوفائل

ایشوریا 19سال کی نہیں لہٰذا آپ انہیں ایسے ڈانس اسٹیپس نہیں دے سکتے ہیں جن میں وہ نوجوان نظر آئیں، فرینک، فوٹوفائل

ممبئی: معروف امریکی کوریوگرافرفرینک گیسٹن جونیئر کاکہنا ہے کہ اداکارہ ایشوریا رائے 19 سال کی نوجوان لڑکی نہیں بلکہ عمر رسیدہ خاتون اورایک بچی کی ماں ہیں لہٰذا انہیں اسی حساب سے ڈانسنگ اسٹیپس دیئے جائیں۔

سابق ملکہ حسن اورنامور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن ان دنوں اپنی نئی فلم’’پھنے خان‘‘کے اسپیشل گانے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور بھرپور طریقے سے گانے کی شوٹنگ میں حصہ لے رہی ہیں، اس  گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کوریوگراف کر نے کے لیے خصوصی طور پر امریکا کے نامور کوریوگرافر اورہدایت کار فرینک گیسٹن جونیئر کو بلوایاگیا ہے۔ فرینک اس سے قبل ہالی ووڈ اداکاراؤں بیونسے، جینیفرلوپیز اور ریحانہ کو بھی کوریو گراف کرچکے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پھنے خان کا ٹیزر جاری ہوتے ہی مداحوں میں مقبول

حال ہی میں فرینک نے ایک معروف بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئےفلم’’پھنے خان‘‘اور ایشوریارائے بچن سے متعلق بتاتے ہوئے کہا میں جب  فلم کے ہدایت کاراتول مانجرے کر سے ملا تو مجھے احساس ہواکہ یہ فلم ان کے لیے بہت اہم ہےاوراس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ میں بھی فلم میں اپنا 100 فیصد دوں گا۔ انہوں نے کہا فلم’’پھنے خان‘‘کے جس گانے کی کوریوگرافی کے لیے مجھے بلایا گیا ہے وہ میرے لیے ایک بہت بڑاچیلنج ثابت ہوا کیونکہ گانے کی موسیقی بالی ووڈ کے مطابق ہے لیکن ہدایت کار چاہتے تھے کہ میں اسے بالی ووڈ کے عام گانوں کی طرح کوریوگراف نہ کروں۔

فرینک نے ایشوریا رائے کے کام سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ ایشوریا رائے 19 سال کی نہیں ہیں لہٰذا آپ انہیں ایسے ڈانس اسٹیپس نہیں دے سکتے ہیں جن میں وہ نوجوان نظر آئیں۔ ایشوریا بڑی عمر کی خاتون اور ماں ہیں اور مجھے انہیں اسی طرح پیش کرنا تھا۔ فرینک نے مزید کہا ایشوریا رائے میرے کام سے بہت خوش تھیں انہوں نے نہ صرف مجھے گلے لگایا بلکہ مجھے اپنے گھروالوں سے بھی ملوایا۔

واضح رہے کہ ایشوریا رائے اور انیل کپورطویل عرصے بعد فلم ’’پھنے خان‘‘میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، فلم میں ایشوریا رائے بچن ایک کامیاب گلوکارہ کا کردار اداکرتی نظرآئیں گی۔ ایشوریارائے اورانیل کپور کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارراجکمار راؤاور دیویا دتہ شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔