لندن ایئرپورٹ پر اداکارہ لنڈسے لوہان کا مسلم اسکارف پہننا جرم بن گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 24 فروری 2017
ائیرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے نام جاننے کے بعد مجھ سے معذرت کی لیکن اسکارف اتارنے کا کہا گیا، ہالی ووڈ اداکارہ

ائیرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے نام جاننے کے بعد مجھ سے معذرت کی لیکن اسکارف اتارنے کا کہا گیا، ہالی ووڈ اداکارہ

نیویارک: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ لنڈسے لوہان کا ترکی سے نیویارک جاتے ہوئے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اسکارف اتروا دیا گیا۔

ہالی ووڈ اداکارہ لنڈسے لوہان کی قبول اسلام کی خبریں مسلسل آتی رہتی ہیں جس کے باعث انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ اداکارہ کے ترکی میں شامی پناہ گزینوں کے کیمپ میں اسکارف پہن کر جانے پر بھی مغربی میڈیا نے طوفان کھڑا کردیا تھا لیکن اب لندن کے ایئر پورٹ پر انہیں نسلی تعصب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لنڈسے لوہان  کی قبول اسلام سے متعلق  قیاس آرائیاں

ایک ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے ہالی ووڈ اداکارہ لنڈسے لوہان کا کہنا تھا کہ ترکی سے نیویارک جاتے ہوئے جب لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر رکی تو وہاں کے عملے نے مجھے روک لیا، سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے میرے ساتھ نسلی تعصب برتا گیا جب کہ پاسپورٹ چیک کرنے پر میرا نام پڑھنے کے بعد اہلکاروں نے مجھ سے معذرت کی لیکن اسکارف اتارنے کا کہا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لنڈسے لوہان حجاب پہننے پربھی تنقید کی زد میں آگئیں

اداکارہ نے کہا کہ اس طرح کا عمل میرے ساتھ زندگی میں پہلی بار ہوا ہے جس کے باعث میں دوسری خواتین کے بارے میں سوچ کر خوفزدہ ہوگئی تھی جن  کے ساتھ عوامی مقامات پر یہ سب  کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اداکارہ لنڈسے لوہان اب تک متعدد فلموں اور ڈرامہ سیریل میں کام کرچکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔