بھارت میں فلم ’’بہو بلی‘‘ کی ایڈوانس ٹکٹوں کیلیے صبح سے لائنیں لگ گئیں

ویب ڈیسک  بدھ 26 اپريل 2017
فلم ’’بہو بلی 2‘‘ کے دوسرے حصے پر 250 کروڑ کی لاگت آئی جب کہ فلم 28 اپریل کو ریلیز کی جائے گی، فوٹو؛ فلم پوسٹر

فلم ’’بہو بلی 2‘‘ کے دوسرے حصے پر 250 کروڑ کی لاگت آئی جب کہ فلم 28 اپریل کو ریلیز کی جائے گی، فوٹو؛ فلم پوسٹر

بھارتی حیدرآباد: بھارتی سنیما کی تاریخ کی مہنگی ترین فلم ’’بہو بلی 2‘‘ کی نمائش سے 2 دن قبل ہی ٹکٹوں کے حصول کے لیے صبح سویرے سے لائنیں لگنا شروع ہوگئیں۔

بھارتی مقامی سنیما کی سب سے بھاری بجٹ سے بنائی جانے والی فلم ’’بہو بلی‘‘ 2 سال قبل نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی جس نے بھارت سمیت دنیا بھر میں 650 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی جب کہ فلم کو بھارت کی تیسری سب سے زیادہ کمائی والی فلم کا اعزاز بھی حاصل ہے لیکن اب فلم کا دوسرا حصہ نمائش کے لیے پیش کیا جانے والا ہے جس کا جادو ریلیز سے قبل ہی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’’بہو بلی 2‘‘ کے دوسرے حصے پر 250 کروڑ کی لاگت آئی ہے اور فلم دیکھنے کے لیے 2 روز قبل ہی فلم بینوں نے ٹکٹوں کے حصول کے لیے لائنوں میں لگنا شروع کردیا ہے۔ بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں فلم کی ایڈوانس بکنگ کے اعلان کے بعد فلم بینوں کا جم غفیر سنیما گھروں کے باہر امڈ آیا اور  صبح سویرے سے ہی لائنوں میں لگنا شروع کردیا۔ مداحوں کے رش کے باعث فلم کے کئی روز کے ٹکٹ ایڈوانس میں ہی بک ہوچکے ہیں جس کے بعد فلمی پنڈتوں نے بھی فلم کے ریکارڈ بزنس کی پیش گوئی کردی ہے۔

واضح رہے کہ ہدایتکار ایس ایس راج مولی کی فلم ’’بہو بلی 2‘‘28 اپریل کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جسے تامل، تیلگو، ہندی  اور ملائم زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔