ابھیشیک بچن جونیئر کلرک کی نوکری کے امیدوار بن گئے

ویب ڈیسک  جمعرات 4 مئ 2017
جے پور کے اسٹاف سلیکشن کمیشن نے نوکری کے امتحان کے لیے ابھیشیک کا ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا، فوٹو؛ فائل

جے پور کے اسٹاف سلیکشن کمیشن نے نوکری کے امتحان کے لیے ابھیشیک کا ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا، فوٹو؛ فائل

جے پور: بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن کے نام جونیئر کلرک کی نوکری کے امتحان کے لیے ایڈمٹ کارڈ نکل آیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔

بھارتی حکومت کے اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی ) کی جانب سے 30 اپریل کو جونیئر کلرک کے لیے تحریری امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن امتحان سے قبل ہی پرچہ لیک ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس پر امتحانات منسوخ کردیئے گئے تھے تاہم اب اسی جونیئر کلرک کی پوسٹ کے لیے بالی ووڈ اسٹار ابھیشیک بچن کا ایڈمٹ کارڈ بھی سامنے آیا ہے جس سے وہ اس نوکری کے امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹاف سلیکشن کمیشن جے پور نے جونیئر کلرک کے امتحانات کے لیے ابھیشیک بچن کی تصویر والا ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جب کہ اداکار کے نام اور تصویروالا ایڈمٹ کارڈ سلیکشن بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی موجود ہے جسے بورڈ حکام نے مذاق قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم ابھیشیک کی جانب سے اس پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس سی کی غلطی سے ابھیشیک بچن کے نام اور تصویر سے نکلنے والے اس ایڈمٹ کارڈ کو لے کر اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سلیکشن بورڈ کی غلطی کو  بعض افراد نے انتہائی سنجیدگی سے لے لیا ہے جس پر ایک شخص کا کہنا تھا کہ فلموں میں کام نہ ملنے پر ابھیشیک  نےمایوس ہوکر سرکاری نوکری کی تلاش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔