موت کی جھوٹی افواہوں کا شکار ہونے والے بالی ووڈ اسٹارز

ویب ڈیسک  منگل 6 جون 2017

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کا شمار دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریوں میں ہوتا ہے اور اس سے تعلق رکھنے والے اداکاروں کو دنیا بھر میں جانا پہچانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے بارے میں چھوٹی سی خبر بھی منٹوں میں جنگل میں آگ کی طرح دنیا بھر میں پھیل جاتی ہے اور کئی بار تو شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو خود سے متعلق جھوٹی خبروں حتیٰ کہ موت کی افواہوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

قارئین کے لئے ان بھارتی سپر اسٹارز کی تفصیل پیش کی جا رہی ہے جن کی جھوٹی موت کی خبر نہ صرف میڈیا پر وائرل ہوئی بلکہ موت کی خبر نے خود ان اداکاروں پر بھی سکتا طاری کردیا۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی حال ہی میں طیارہ حادثے میں موت کی خبر پوری دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے باعث ان کے مداحوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کنگ خان کے طیارہ حادثے میں مرنے کی خبر سوشل میڈیا پروائرل

مادھوری ڈکشٹ

بالی ووڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ کی ہارٹ اٹیک کے باعث موت کی جھوٹی خبر بھی میڈیا کی زینت بن چکی ہے۔

لتا منگیشکر

سروں کی ملکہ لتا منگیشکر کی جھوٹی موت کی خبر نے ان کے مداحوں سمیت پوری بھارتی فلم انڈسٹری کو صدمے میں مبتلا کر دیا تھا تاہم لتا کی جانب سے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں انہوں نے اپنی موت کی خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔

امیتابھ بچن

بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی ایک بار نہیں بلکہ کئی بار موت کی جھوٹی خبر انٹرنیٹ پر وائرل ہو چکی ہے۔ امیتابھ بچن کئی بار تو اپنی موت کی جھوٹی افواہوں کی وضاحت کر چکے ہیں تاہم اب سپر اسٹار اس قسم کی جھوٹی خبروں پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دیتے۔

شویتا تیواری

بھارتی ڈراموں کی نامور اداکارہ شویتا تیواری (پریرنا) کی بھی حال ہی میں موت کی جھوٹی افواہ وائرل ہو گئی تھی، جس سے ان کے شوہر بھی سکتے میں آ گئے تھے تاہم فون پر رابطہ کرنے کے بعد اداکارہ نے اسے جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شویتا تیواری کے مرنے کی افواہ سوشل میڈیا پروائرل

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔