نواز شریف کے اقدامات کے باعث ملکی معیشت مضبوط ہوئی،شہباز شریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اگست 2017
عوام کے دیئےگئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے اورعوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔شہبازشریف؛فوٹوفائل

عوام کے دیئےگئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے اورعوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔شہبازشریف؛فوٹوفائل

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے اقدامات کے باعث قومی معیشت مضبوط ہوئی ،ہم نے ملکی ترقی کے خلاف سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے ہمیشہ ملکی مفاد کے بارے میں سوچا ان کی جا نب سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث ملکی معیشت مضبوط ہوئی، اگر اسلام آباد میں سازشی عناصر کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں تو پاکستان آج ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ملک میں سی پیک کے منصوبوں کا اجراء نوازشریف کا تاریخی کارنامہ ہے، شہباز شریف

وزیر اعلیٰ نے کہا ہم نے ملکی ترقی کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، ہم پر عوام کی خدمت کے جرم کی پاداش میں جو بھی پہاڑ ٹوٹے اس کی کوئی پرواہ نہیں کی، ہمیشہ عام آدمی کی بحالی کا سوچا اور ملک کو ترقی سے ہمکنار کرنے کو مقدم جانا،ہم نے اپنا ہر لمحہ عوام کی خدمت اور ملکی ترقی کیلئے وقف کررکھا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہم نے عوامی خدمت کا عزم کررکھا ہے کوئی سازش ہمیں ملک اور عوام کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتی، ہم آگے بھی عوامی مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نیا پاکستان بنانے کے دعویدار پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں، شہبازشریف

شہباز شریف نے سازشی عناصر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ترقی کے سفر کو نقصان پہنچانے والے عناصر منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے اور ایک دن ان کا احتساب ضرور ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔