شرجیل میمن کی گرفتاری قانون کے مطابق عدالت کے حکم پر ہوئی، چیئرمین نیب

ویب ڈیسک  جمعرات 26 اکتوبر 2017
شرجیل میمن کو دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا فوٹو: فائل

شرجیل میمن کو دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا فوٹو: فائل

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کی گرفتاری میں کسی سے ناانصافی کا تاثردرست نہیں کیونکہ ان کی گرفتاری عدالتی حکم پر ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے شرجیل میمن کی گرفتاری کو ناانصافی سے تعبیر کرنے کے تاثر کو رد کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اب احتساب بلاامتیاز اورقانون کے مطابق ہوگا، اس حقیقت کو پیش نظر رکھا جائے کہ شرجیل میمن کے خلاف ریفرنس مجازعدالت کے پاس زیرسماعت ہے اوران کی گرفتاری بھی احتساب عدالت کے جاری کردہ وارنٹس کی بنیاد پرعمل میں لائی گئی۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری کا اجرا مجازعدالت نے کیا اور نیب نےعدالتی حکم کی تعمیل میں عملدرآمد کیا، اس حوالے سے کسی سے ناانصافی کا تاثر درست نہیں۔

واضح رہے کہ شرجیل میمن پرمحکمہ اطلاعات میں اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے اوریہ ریفرنس عدالت میں زیرسماعت ہے، دوروزقبل سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت میں توثیق نہیں کی تھی جس کے بعد انہیں عدالت کے باہرسے گرفتارکرلیا گیا تھا اوراب وہ جیل میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔