وزیراعظم اور آرمی چیف 21 نومبر کو سعودی عرب جائیں گے

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 نومبر 2017
سعودی حکام سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔ فوٹو: فائل

سعودی حکام سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم اور آرمی چیف 21 نومبر کو سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم شاہد خان عباسی 21 نومبر منگل کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔ وزیراعظم شاہد خان عباسی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے، سعودی عرب

گزشتہ ماہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے دارالحکومت ریاض میں دہشتگردی کیخلاف بننے والے سعودی اتحاد کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ اس وقت سعودی عرب اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور وہاں متعدد شہزادوں اور وزرا کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے جب کہ برطانوی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے بیٹے کے حق میں تخت سے دستبرداری کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔