تربت میں قتل ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

ویب ڈیسک  اتوار 19 نومبر 2017

 لاہور: بلوچستان کے علاقے تربت میں قتل ہونے ہوالے پانچ میں سے چار نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تربت میں قتل ہونے والے پانچوں دوستوں کا تعلق  پنجاب  سے تھا، مقتولین دانش،قاسم،ثاقب کی نماز جنازہ چھوٹی رسالپور جب کہ عثمان قادر کی ملکوال میں ادا کی گئی جس میں مشیر وزیراعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اتوار کی صبح پانچوں نوجوانوں کی میتیں پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچائی گئیں، علامہ اقبال ائرپورٹ پر مقتولین کے لواحقین اور سی سی پی او لاہور نے میتیں وصول کیں جب کہ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

گجرات سے تعلق رکھنے والے یہ  پانچوں نوجوان گہرے دوست تھے، جو تابناک مستقبل کا خواب آنکھوں میں سجا کر غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کررہے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تربت کے علاقے تاجبان سے 5 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس سے دو روز قبل بھی تربت کے علاقے بلیدہ سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔