سرفراز احمد نے دورہ نیوزی لینڈ پر نگاہیں مرکوز کرلیں

نبیل طاہر  اتوار 19 نومبر 2017
قطعی مختلف کنڈیشنز میں میزبان کیویز کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت پریکٹس اور ٹریننگ کرنا ہوگی۔ فوٹو فائل

قطعی مختلف کنڈیشنز میں میزبان کیویز کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت پریکٹس اور ٹریننگ کرنا ہوگی۔ فوٹو فائل

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دورئہ نیوزی لینڈ پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔

’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ حالیہ فتوحات خوش آئند ہیں، سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی لیکن محدود اوورز کی کرکٹ میں گرین شرٹس درست سمت میں گامزن رہے،آئندہ سیریز نیوزی لینڈ میں ہے، کیویز کا ہوم کنڈیشنز میں مقابلہ کرنے کے لیے تیاریاں بھی خاص کرنا ہوں گی،ہمیں بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے اچھی پلاننگ سے میچزکھیلنا ہوں گے،اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹرافیز جیت کر لاسکتے ہیں، تیاری کے لیے ہمیں فٹنس اور پریکٹس پر مزید کام کرنا ہوگا،

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو فٹ اور فارم میں رہنے کے لیے مدد مل رہی ہے لیکن مزید محنت کرنے کی ضرورت ہوگی،کیویز کا گھر میں شکار ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن بھرپورتیاری کریں تو میزبان کو زیر کرسکتے ہیں۔

کپتان نے کہا کہ میرے غصے کی بہت بات ہوتی ہے لیکن تمام کھلاڑی میرے مزاج اور ٹیم کی ضرورت کو سمجھتے ہیںکوئی بُرا نہیں مناتا، ڈریسنگ روم کا ماحول انتہائی خوشگوار ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  2بار فائنل کھیل کرٹائٹل نہ جیت پائی، اس بار کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُر عزم ہیں، انہوں نے بتایا کہ معین خان کے بیٹے اعظم خان کا انتخاب میرٹ پر ہوا، وہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے خاص طورپر موزوں بیٹسمین ہیں، میدان میں اتریں گے تو تنقید کی گنجائش نہیں رہے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔