10 ماہ کے بچے کا وزن 9 سال کے بچے کے برابر

ویب ڈیسک  جمعرات 23 نومبر 2017
دس ماہ کے لوئس مینول کا وزن حیران کن طور پر30 کلو ہے.فوٹو:بشکریہ انڈیا ٹائمز

دس ماہ کے لوئس مینول کا وزن حیران کن طور پر30 کلو ہے.فوٹو:بشکریہ انڈیا ٹائمز

میکسیکو: لاطینی امریکی ملک میکسیکو میں دس ماہ کا ایک بچہ ایسی بیماری کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ بھوکا ہی رہتا ہے اور بہت زیادہ غذا کی وجہ سے 10 مہینے کی عمر میں ہی اس کا وزن 9 سال کے لڑکے جتنا ہوگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکو سے تعلق رکھنے والے لوئس مینول  کی عمر 10 ماہ ہے لیکن حیران کن طور پر اس کا وزن 30 کلو گرام ہے جو عام طور پر 9  سال کے بچے کا ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوئس کو دراصل  ’’پریڈر ویلی سنڈروم‘‘ کا مرض لاحق ہے۔  یہ بیماری جینیاتی خرابی کی وجہ سے بہت ہی کم لوگوں میں پائی جاتی ہے اور اس میں زیادہ بھوک لگنے کا احساس ہوتا ہے اور اس سے بچے کی افزائش ’رکنے کے ساتھ ساتھ اور اس کے پٹھے بھی نہیں بن پاتے۔

پریڈر  ویلی سنڈروم کا شکار بچے بڑھتے وزن کے باعث نہ صرف اپنی عمر سے بڑے بچوں کی طرح نظر آتے ہیں بلکہ ان میں دل کا دورہ پڑنے کے بھی امکانات ہو سکتے ہیں۔

بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ غربت کا شکار ہونے کی وجہ سے بچے کا علاج کرانے سے قاصر ہیں اس لئے انہوں نے لوئس کے علاج کےلیے چندہ مہم شروع کی ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔