ایران خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے، عرب لیگ

ویب ڈیسک  پير 20 نومبر 2017

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

قاہرہ: عرب لیگ نے ایران کو خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اہم ہنگامی اجلاس ہوا جس میں قطر کے تنازع اور عرب ممالک میں بڑھتے ہوئے ایرانی اثرورسوخ کے مسئلے پر غور کیا گیا۔

بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد بن احمد نے عرب لیگ پر زور دیا کہ خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے خلاف پوری جرات کے ساتھ آواز بلند کرتے ہوئے تہران کے تخریبی کردار کے خلاف مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے۔  انھوں نے کہا ایران خطے میں عدم استحکام  کا براہ راست ذمہ دار ہے۔

یمن کے وزیراعظم احمد عبید نے الزام عائد کیا کہ حوثی باغی ایران کے آلہ کار ہیں جو خطے میں ایرانی نظام کومسلط کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں، تاہم سعودی عرب کی قیادت میں عرب ممالک نے بروقت اقدام کرکے ایران کے بڑھتے خونی معرکوں کو روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ خطےمیں موجود کشیدہ صورتحال میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں میزائل فائر کئے گئے اور لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے دورہ سعودی عرب کے دوران ایران پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے استعفی دینے کا اعلان کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔