ملتان میں پولیس کے ہاتھوں بزرگ جوڑے کی سرعام تذلیل

ویب ڈیسک  پير 20 نومبر 2017

ملتان: تھانہ چہلیک کی حدود میں پولیس اہلکاروں نے بزرگ جوڑے کو قبضے کے خلاف احتجاج کرنے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان میں بزرگ جوڑا پولیس تشدد کا نشانہ بن گیا۔ 75 سالہ معمرخاتون نسیم بی بی اپنے شوہر کے ہمراہ ایم ڈی اے کے اہلکاروں کے خلاف احتجاج کررہی تھیں انہوں نے بینرز بھی اٹھارکھے تھے، جوڑے کا مؤقف تھا کہ ایم ڈی اہلکار ہماری زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے ہمیں ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز ٹیم جب بزرگ جوڑے کی فریاد سننے پہنچی تو پولیس نے جوڑے پر تشدد شروع کردیا جب کہ اکرام بلوچ نامی ایم ڈی اہلکار نے بزرگوں کے ہاتھ سے بینرز چھین کر پھاڑ دیا، پولیس اہلکاروں نے  احتجاج روکنے کے لئے معمر جوڑے کی سرِعام تذلیل کی اور سڑک پر گھسیٹے ہوئے پولیس موبائل تک لائے، ایکسپریس نیوز نے دل دہلا دینے والے اس سارے واقعے کی فوٹیج بنالی، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس ایچ او غلام مرتضیٰ اور دیگر پولیس اہلکار بزرگ جوڑے کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں اور تشدد کرتے ہوئے پولیس موبائل میں بٹھا کر تھانے لے گئے۔

ایکسپریس نیوز پر خبر نشر ہوتے ہی آرپی او محمد ادریس نے ایس ایچ او چہلیک غلام مرتضیٰ اور دیگر پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے ایس پی لیگل رانا محمد انور خان کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔