سرکاری کالجوں کے’’اسپورٹس فنڈ‘‘ کو ٹھکانے لگانے کی تیاریاں

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 مارچ 2013
13مارچ کو’’اسپورٹس ڈے‘‘کرانے کافیصلہ، تمام سرکاری گرلزکالجوں کی طالبات کی ایونٹ میں شرکت کے لیے پرنسپلز پر دبائو.. فوٹو: فائل

13مارچ کو’’اسپورٹس ڈے‘‘کرانے کافیصلہ، تمام سرکاری گرلزکالجوں کی طالبات کی ایونٹ میں شرکت کے لیے پرنسپلز پر دبائو.. فوٹو: فائل

کراچی: صوبائی محکمہ تعلیم نے حکومت کی رخصت سے محض 2روز قبل کراچی کے سرکاری کالجوں کے ’’اسپورٹس فنڈ‘‘کوٹھکانے لگانے کی تیاریاں شروع کردیں۔

یہ اقدام گذشتہ مالی سال کے اسپورٹس فنڈمیں بدعنوانی کامعاملہ سامنے آنے کے باوجود کیاجارہاہے،اس سلسلے میں سندھ کے سرکاری کالجوں کے لیے فنڈکی مختص رقم سے حکومت کی رخصت سے 2روز قبل13مارچ کوکراچی کے نیشنل کوچنگ سینٹرمیں ’’اسپورٹس ڈے‘‘کرانے کافیصلہ کیاگیاہے۔

جس میں کراچی کے تقریباًتمام سرکاری گرلز کالجوں کی انتظامیہ کوپابند کردیاگیاہے کہ وہ ان کالجوں میں زیرتعلیم طالبات کولے کرنیشنل کوچنگ سینٹرپہنچ جائیں اوراس سلسلے میں کسی بھی سرکاری گرلز کالج کی پرنسپل کاکوئی بھی عذرقابل قبول نہیں کیا جائے گا،’’ایکسپریس‘‘کوذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں جمعہ کوگورنمنٹ کالج برائے خواتین شاہراہ لیاقت میں سرکاری گرلز کالجوںکی پرنسپلز کاایک اجلاس بھی ہوا، اس اجلاس میں صوبائی وزیرتعلیم کے کوآرڈینیٹرنوید زبیری بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔

اجلاس میں خاتون پاکستان،گورنمنٹ گرلزکالج گزری،گورنمنٹ گرلز کالج کورنگی ڈھائی،گورنمنٹ گرلز کالج ابراہیم حیدری،گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس ،گورنمنٹ گرلز کالج بلدیہ ٹاؤن ،گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج اورگورنمنٹ کالج برائے خواتین کورنگی نمبر4سمیت دیگرگرلزکالجوں کی پرنسپلزشریک تھیں، اس موقع پر بعض گرلز کالجوں کی پرنسپلز نے اتنی عجلت میں اسپورٹس ڈے کے انعقاد پراظہارحیرت کرتے ہوئے کہاکہ ایسے وقت میں جب کراچی میں امن وامان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور کالجوں میں طالبات بمشکل کلاسز لینے کے لیے پہنچ پاتی ہیں جبکہ امتحانات بھی قریب آچکے ہیں ۔

اسپورٹس ڈے کے قیام کی کیا ضرورت ہے، ایک پرنسپل نے پروگرام کے انعقاد پراعتراض کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں اسپورٹس فنڈ کالجوں کے حوالے کیاجاتاتھاتاہم گذشتہ چندسال سے ایسانہیں کیاجارہا، یادرہے کہ گذشتہ سال بھی صوبائی محکمہ تعلیم کے تحت منعقدہ ہفتہ کھیل میں جیتنے والے طلبا تاحال انعامی رقم سے محروم ہیں جبکہ یہ معاملے محکمہ اینٹی کرپشن کے پاس ہے ایسی صورت میں اسپورٹس ڈے کے انعقاد پرشدیداعتراضات سامنے آرہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔