سعودی عرب میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو نئی مہلت

ویب ڈیسک  پير 20 نومبر 2017
سعودی عرب میں غیرقانونی مقیم افراد میں سب سے زیادہ تعداد بھارتی، پاکستانی اور بنگلہ دیشی افراد کی ہے، فوٹو: فائل

سعودی عرب میں غیرقانونی مقیم افراد میں سب سے زیادہ تعداد بھارتی، پاکستانی اور بنگلہ دیشی افراد کی ہے، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی حکومت نے غیر قانونی تارک وطن کو باعزت طریقے سے اپنے آبائی ملک جانے کے لیے مزید 60 دن کی مہلت دینے کا اعلان کردیا۔

سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ (جی ڈی پی) کے قوانین کے تحت ایسے غیر ملکی باشندے جو اقامہ (ریذیڈینسی پرمٹ) ختم ہونے کے باوجود سعودی عرب میں موجود ہیں انہیں مزید 60 دن کی مہلت دی جارہی ہے تاکہ وہ باعزت طریقے سے سعودی عرب چھوڑ سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے غیر ملکی شہری جنہیں نئی پالیسی کے تحت ملک چھوڑنے کی مہلت ملے گی وہ 60 دن سے زائد وقت  سعودی عرب میں نہیں گزار سکیں گے۔

یہ پڑھیں: سعودی عرب میں کریک ڈاؤن، 24 ہزار افراد گرفتار

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے  اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس بات کی اس وقت مزید وضاحت کی جب ایک غیر ملکی شہری نے ان سے پوچھا کہ میرے پاس فائنل ایگزٹ ویزا ہے اور میرا اقامہ ختم ہوچکا ہے تو کیا یہ کوئی پریشان کن بات ہے؟ جواب دیا گیا کہ یہ کوئی مسئلہ نہیں،  فائنل ایگزٹ ویزا کی تاریخ سے 60 دن کے اندر اندر آپ کو سعودی عرب چھوڑنا ضروری ہے۔

خیال رہے کہ سعودی پولیس نے مملکت میں غیر قانونی قیام کرنے والے غیر ملکی باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 روز میں 24 ہزار غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔