سی پیک پورے خطے كا شاندار گیم چینجر منصوبہ ہے، پرویز خٹک

ویب ڈیسک  پير 20 نومبر 2017
 تعلیم كے ساتھ ساتھ صوبے میں قیام امن اور سماجی انصاف پر بھی توجہ دی گئی ہے ۔ پرویز خٹک

تعلیم كے ساتھ ساتھ صوبے میں قیام امن اور سماجی انصاف پر بھی توجہ دی گئی ہے ۔ پرویز خٹک

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ سی پیک پورے خطے كا شاندار گیم چینجر منصوبہ ہے جس كے لئے تیاریوں كا معیاربھی اتنا ہی اونچا ہونا چاہئے اس مقصد كے لئے ہماری  حكومت نے بھرپور تیاریاں شروع كی ہیں۔

ایڈورڈ كالج پشاورمیں آئی ٹی انفرا اسٹركچر كے نئے شعبے كی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیكنالوجی سی پیک كا انتہائی كارآمد شعبہ ہے جس كی بدولت ہم باقی تمام شعبوں میں اپنی پیداواری صلاحیت كو كئی گنا زیادہ بڑھا سكتے ہیں، ہماری جامعات اور اعلیٰ تعلیم كے دیگر اداروں كو انفارمیشن ٹیكنالوجی كے ماہرین كی تیاری پر بھرپور توجہ دینے كی ضرورت ہے جو سافٹ اور ہارڈویئر كے علاوہ الیكٹرانكس، ٹیلی وموبائل كمیونی كیشن اور دیگر تمام امور پر مكمل دسترس ركھتے ہوں اور سی پیک و نان سی پیک تمام ترقیاتی اسكیموں اور شعبوں كو دن دگنا رات چوگنا فروغ دے سكیں، انہوں نے نوجوان نسل پر بھی زور دیا كہ دیگر شعبوں كے علاوہ انفارمیشن ٹیكنالوجی میں  بھی اعلیٰ مہارت حاصل كریں تاكہ وہ قوم كے روشن مستقبل كو یقینی بنا سكیں۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے كہا كہ تعلیم كے ساتھ ساتھ صوبے میں قیام امن اور سماجی انصاف پر بھی توجہ دی گئی ہے اور یہ كوشش بھی كی گئی كہ اداروں كی كاركردگی بہتر بنا كر ان پر عوام كا اعتماد بحال كیا جائے۔ انہوں  نے كہا كہ بدقسمتی سے ہمیں تباہ حال انفرااسٹركچر اور خراب نظام ورثے میں ملا تھا ہم نے نظام كے ساتھ ساتھ دہشت گردی، افغان مہاجرین، آئی ڈی پیز اور قدرتی آفات سے متاثرہ انفرااسٹركچر كی بحالی كا بیڑا اٹھایا اور اللہ تعالیٰ كے فضل سے ہم اس میں بھی كافی سرخرو ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔