متاثرین عباس ٹاؤن کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے، قائم علی شاہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 مارچ 2013
کراچی: وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سانحہ عباس ٹاؤن میں زخمی ہونیوالی لڑکی کو امدادی چیک دے رہے ہیں ۔  فوٹو : ایکسپریس

کراچی: وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سانحہ عباس ٹاؤن میں زخمی ہونیوالی لڑکی کو امدادی چیک دے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سانحہ عباس ٹاؤن کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت نے انھیں تنہا چھوڑدیا ہے ،حکومت متاثرین کی مکمل بحالی اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ہرممکنہ اقدامات کرے گی ، انھوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ امین شہیدی ، علامہ صادق رضا تقوی ، ناصرعباس شیرازی ، اصغرعباس زیدی اور صابر کربلائی پر مشتمل مجلس وحدت مسلمین کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا، وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف پوری قوم کو ملکر لڑنا ہوگا ، عباس ٹاؤن کا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے اس سانحہ پر بھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی ، وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ اور شہدا کے لواحقین اور متاثرین کیلیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ صدر مملکت کی ہدایت پر متاثرین کو آئندہ چند روز میں باقاعدہ تعمیر شدہ فلیٹوں کی چابیاں دی جائیں گی جبکہ شہدا کے لواحقین میں سے کسی ایک فرد کو الیکشن کمیشن کی اجازت سے سرکاری نوکری دی جائے گی۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے ان اقدامات کی روک تھام کے لیے فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار اورکالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کرے ۔

جب تک حکومت کی جانب سے عملی اقدامات نظر نہیں آئیں گے اس وقت تک عوام مطمئن نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلی سندھ نے مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کی تکمیل کیلیے سید فیصل رضا عابدی کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دیدی جس میں مجلس وحدت مسلمین کے علامہ صادق رضا تقوی ، سید نوازش رضا ، سید اصغر عباس زیدی اور صابر کربلائی شامل ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے راشد ربانی ، وقار مہدی اور اعظم عباس ہوں گے۔ اجلاس میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ فلیٹوں کے مالکان کی تصدیق کریگی جن میں سید نوازش رضا، علامہ صادق رضا تقوی، صابر کربلائی، فیصل رضا عابدی اور اعظم عباس شامل ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے سنی تحریک کے مرکزی دفتر میں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلیے تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے سنی تحریک کے ساتھ پرانے مراسم ہیں اور2008کے الیکشن میں بھی ہم یہاں آئے تھے۔ سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج کی ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کی حالیہ لہر کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔