طویل فارمیٹ ؛ نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے دعوے غلط ثابت

اسپورٹس رپورٹر  منگل 21 نومبر 2017
ہارون رشید کی طرف سے جاری کردہ خط میں ایونٹ کا سال ہی غلط لکھ دیا گیا
فوٹو : فائل

ہارون رشید کی طرف سے جاری کردہ خط میں ایونٹ کا سال ہی غلط لکھ دیا گیا فوٹو : فائل

 لاہور:  طویل فارمیٹ کے لیے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے دعوے غلط ثابت ہونے لگے پی سی بی نے جونیئر سطح پر 2 روزہ انڈر 19 ٹورنامنٹ ہی ختم کر دیا اب ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 مقابلے ون ڈے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم تعمیر نو کے لیے کوشاں ہے، یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹمپرامنٹ کی کمی کا شکار نوجوان کرکٹرز توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر پا رہے، یو اے ای میں سری لنکا جیسی کمزور ٹیم نے بھی گرین کیپس کو 2-0سے کلین سوئپ کرکے مستقبل کی تیاریوں پر سوالیہ نشان ثبت کر دیا،اس صورتحال میں جونیئر سطح پر2 اور 3روزہ میچز کریز پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے بیٹسمینوں اور طویل اسپیل کرنے والے بولرز کی تلاش میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مگر پی سی بی نے2روزہ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹورنامنٹ ختم کرتے ہوئے ملک کے تمام ریجنز اور ڈسٹرکٹس کو آئندہ سال یکم سے 25 جنوری تک جونیئر ون ڈے ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے لیٹر جاری کر دیا ہے، ریجنز کو ٹرائلز کا شیڈول 25نومبر تک فائنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیاکہ منتخب کرکٹرز کے نام اور کوائف 10دسمبر تک ارسال کردیں،اس سے 5 روز قبل میچز کا شیڈول بھی بھیجنے کو کہا گیا تاکہ امپائرز کا تقرر کیا جا سکے۔دوسری جانب ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید کی طرف سے ریجنل صدور کو جاری کردہ اس خط میں سال ہی غلط لکھتے ہوئے بتایا گیاکہ مقابلے یکم سے 25 جنوری 2017 تک ہوںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔