بنگلہ دیش لیگ میں پاکستانی کرکٹرز رنگ جمانے لگے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 21 نومبر 2017
حسن علی نے پہلے ہی میچ میں5پلیئرزکوبولڈکردیا،شعیب ملک کی نصف سنچری
فوٹو: فائل

حسن علی نے پہلے ہی میچ میں5پلیئرزکوبولڈکردیا،شعیب ملک کی نصف سنچری فوٹو: فائل

ڈھاکا:  بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز رنگ جمانے لگے، پیسر حسن علی نے پہلے ہی میچ میں کومیلا وکٹورینز کیلیے 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دیدیا، شعیب ملک نے ناقابل شکست ففٹی جڑدی، دونوں کی عمدہ پرفارمنس نے کومیلا وکٹورینز کو ڈھاکا ڈائنامائٹس کیخلاف4 وکٹ سے فتح دلا دی۔

تفصیلات کے مطابق کومیلا وکٹورینز کیلیے حسن علی نے 20رنز کے عوض 5 شکار کرتے ہوئے ڈھاکا ڈائنامائٹس کو18.3 اوورز میں 128رنز تک محدود کردیا، سنیل نارائن نے بطور اوپنر 76 اور کمار سنگاکارا 28 رنز بناکر نمایاں رہے، انھوں نے تیسری وکٹ کیلیے 92 رنز کی شراکت بنائی، حسن علی نے اپنی پہلی ہی گیند پر حریف اوپنر ایون لوئس کی وکٹیں اڑائیں، اس کے بعد تیسری بال پر مہدی معروف کو بھی بولڈ کیا، اس کے بعد انھوں نے مزید تین پلیئرز مصدق حسین ، محمد صدام اور ابوحیدر کی بھی وکٹیں اکھاڑ پھینکیں،انھوں نے پانچوں حریف بیٹسمینوں کو بولڈ کیا اور یہ مختصر فارمیٹ میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ بنا، شعیب ملک نے 3 اوورز میں 16رنزدیے، انھیں کوئی وکٹ نہیں مل پائی، کومیلا وکٹورینز نے ہدف 19.4 اوورز میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، شعیب ملک 53 گیندوں پر 54 رنزبناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں چار چوکے شامل تھے۔

پاکستانی پیسرمحمد عامرنے28 رنزدے کر2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حسن علی کو بیٹنگ کا موقع نہیں مل پایا۔دن کے دوسرے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے سلہٹ سکسرز کو دلچسپ مقابلے میں7رنز سے ہرا دیا، سلہٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، رائیڈرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 169رنز جوڑے، کرس گیل 50، میک کولم 33 ، روی بوپارا 28 اور ایم متھن25رنز بناکر نمایاں رہے، ابوالحسن نے 2 وکٹیں لیں، سلہٹ کی ٹیم جوابی اننگز میں 4وکٹ پر162 رنز بنا سکی، پاکستانی بیٹسمین بابراعظم 5 گیندوں پر2رنز تک محدود رہے، صابرحسین70 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔