حفیظ کے ایکشن میں بہتری کا معاملہ،بورڈ ہمت ہار گیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 21 نومبر 2017
این سی اے سے رابطے کی ہدایت کر دی گئی،کسی ٹرینرکاانتظام نہیں کیا جائے گا
 فوٹو : فائل

این سی اے سے رابطے کی ہدایت کر دی گئی،کسی ٹرینرکاانتظام نہیں کیا جائے گا فوٹو : فائل

 لاہور: حفیظ کے ایکشن میں بہتری کے معاملے میں کرکٹ بورڈ بھی ہمت ہار گیا، بولنگ پرپابندی کا شکار آل راؤنڈرکو این سی اے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے پر آئی سی سی سے منظور شدہ لفبرا بائیومکینک لیب کی رپورٹ بھی محمد حفیظ کے حق میں نہیں آئی، کلیئرنس پانے تک انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کی اجازت نہیں ہوگی،کیریئر میں تیسری بار پابندی کا شکار ہونے والے آف اسپنر کو انگلینڈ میں حالیہ ٹیسٹ کے دوران کنسلٹنٹ کارل کرو کی معاونت حاصل رہی لیکن کلیئرنس پانے کیلیے اصلاح کے عمل میں پی سی بی کوئی بھاری سرمایہ کاری کرنے  کے حق میں نظر نہیں آتا۔ بورڈ نے آل راؤنڈر کے بولنگ ایکشن میں بہتری کیلیے ٹرینر کا انتظام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی گئی، محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن میں بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد کے بجائے 20 سے 22 تک ہے،اگر اصلاح کے عمل سے گزرتے ہوئے آل راؤنڈر اس مسئلے پر قابو پانے کے بعد ضرورت محسوس کریں تو پی سی بی کسی بائیو مکینک لیب سے غیر سرکاری ٹیسٹ کرا سکتا ہے، البتہ آئی سی سی کو دوبارہ جائزے کیلیے درخواست دینے کا فیصلہ محمد حفیظ خود کرینگے،اگر وہ اپنے ایکشن سے مطمئن اور ریویو کیلیے تیار ہوئے تو پی سی بی کونسل کو خط لکھ دے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔