اووربلنگ پرذمے دارعملے کو3سال سزاہوگی،قومی اسمبلی سے بل منظور

نمائندہ ایکسپریس  منگل 21 نومبر 2017
وفاقی حکومت مفادات کونسل کی منظوری سے برقی پالیسی بنائے گی،نیپراکوتحقیقات کااختیارہوگا
 فوٹو : فائل

وفاقی حکومت مفادات کونسل کی منظوری سے برقی پالیسی بنائے گی،نیپراکوتحقیقات کااختیارہوگا فوٹو : فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے برقی توانائی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کو منضبط کرنے کے ترمیمی بل کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ اس بل کے تحت اوور بلنگ کے ذمے دار عملے کو 3 سال تک سزا دی جاسکے گی اور نیپرا کو تحقیقات کا اختیار ہوگا۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری نے قائمہ کمیٹی کی پیش کردہ صورت میں بل پیش کیا تو پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر اور تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس بل سے اصولی طور پر ہمیں کوئی اختلاف نہیں لیکن اچھا کام عجلت میں نہ کیا جائے جس پر اویس لغاری نے کہا کہ پورے ملک میں صارفین کو اس وقت اوور بلنگ کا سامنا ہے، قائمہ کمیٹی نے یہ بل متفقہ طور پر منظور کیا ہے، اگر آج بل منظور نہ ہوا تو اس کی منظوری میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

بل کے تحت کوئی بھی شخص کسی خریدار کو برقی توانائی کی فراہمی اتھارٹی کی جانب سے لائسنس کے بغیر نہیں کر سکے گا، پیداواری کمپنیوں کے فرائض میں شامل ہوگا کہ وہ ترسیلی لائنز بچھانے، اسے چلانے اور برقرار رکھیں گی، قومی برقیاتی پالیسی و منصوبہ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے وفاقی حکومت بنائے گی، قانونی معاملات نمٹانے کے لیے ٹریبونل قائم کیا جائیگا جس کا چیئرمین عدالت عالیہ کا سابق جج ہوگا۔

اس کی مدت تین سال ہوگی جبکہ اس میں چاروں صوبوں سے نمائندے اور وفاقی حکومت کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔اپوزیشن کی جانب سے وفاقی حکومت کی جانب سے سرچارج لگانے کی شق پراعتراض پر اویس لغاری نے کہا اس شق کو نکال دیا جائے جس پر مسترد کردی گئی۔ ایوان نے قومی یونیورسٹی برائے ٹیکنالوجی اور اسلام آباد میں ضلعی عدالتوں کے انفرسٹرکچر کو فروغ دینے کے لیے پاکستان قانون و انصاف کمیشن ترمیمی بلوں کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس کے آغاز پر شیریں مزاری نے کورم کی نشاندہی کی جس پر اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا گیا۔ بعدازاں ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج منگل کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔