پاک چین عالمی ایئر شو، پاکستانی فضاؤں میں چینی جنگی جہازوں کا پہلا مظاہرہ

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  منگل 21 نومبر 2017
مظاہرہ پاکستان اور چینی ایئر فورس کے زیر اہتمام ایئر شو کے تحت کوئٹہ کے سمنگلی ایئر بیس پر کیا گیا؛ فوٹوفائل

مظاہرہ پاکستان اور چینی ایئر فورس کے زیر اہتمام ایئر شو کے تحت کوئٹہ کے سمنگلی ایئر بیس پر کیا گیا؛ فوٹوفائل

کوئٹہ:  پاکستانی فضاؤں میں چینی جنگی طیاروں نے پہلا شاندار مظاہرہ کیا یہ مظاہرہ پیر کو پاکستان اور چینی ایئر فورس کے زیر اہتمام بین الاقوامی ایئر شو کے تحت کوئٹہ کے سمنگلی ایئر بیس پر کیا گیا۔

اس موقع پرچینی فضائیہ کے J-10 لڑاکا طیاروں نے ایروبیٹک کا شاندار مظاہرہ پیش کیا، جس پر حاضرین سے بھرپور داد ملی۔ پاک چین عالمی ایئر شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے دور رس نتائج برآمد ہونگے. چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیاد گوادر ہے اور یہ کہنا بے جا نہیں ہوگا کہ گوادر سی پیک ہے اور سی پیک گوادر ہے، پاک چین دوستی صرف حکومتی سطح کے تعلقات پر ہی استوار نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کے ساتھ دلوں سے جڑے ہوئے ہیں، چینی قونصل جنرل وانگ یو نے کہا کہ گوادر کی اہمیت کا اعتراف چینی قیادت بھی کرتی ہے۔

تقریب میں چین پیپلزآرمی فضائیہ کے میجر جنرل لیوچن منگ (Liu Chun Ming)  ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزرا و اراکین اسمبلی، سول و عسکری حکام اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ یادگار لمحات اور بین الاقوامی معیار کا ایئر شو نہ صرف دونوں ممالک کی ایئر فورس کے درمیان بہترین تعلقات کا مظہر ہے بلکہ بے مثال پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ، سمندرسے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔

ہر پاکستانی اور ہر چینی اس بے مثال دوستی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خلوص کے رشتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہونگے جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ نے مظاہرے میں حصہ لینے والے چینی پائلٹوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی صلاحیتوں اور تربیتی معیار کو سراہا، قبل ازیں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں پی جی ایف۔7 اور آگسٹا ہیلی کاپٹر سمیت دیگر ہیلی کاپٹروں نے بھی فضائی مظاہرہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے JF-17 تھنڈر طیارے کے ماڈل کی رونمائی بھی کی جو بعدازاں وزیراعلیٰ پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے چین کے قونصل جنرل وانگ یو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل گوادر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ملاقات میں سی پیک میں شامل گوادر اسمارٹ سٹی، فری زون، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادر بین الاقوامی ایئرپورٹ اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کے منصوبوں کی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔