کراچی میں تیز رفتار ٹینکر بے قابو ہوکر گھر میں جا گھسا، لڑکی جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 21 نومبر 2017
واقعے کے بعد ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فوٹو:فائل

واقعے کے بعد ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فوٹو:فائل

کراچی: کورنگی میں دارالعلوم کے  قریب ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکرگھر میں جاگھسا جس کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکی  بحق اور 8افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں تیز رفتار ٹینکر بے قابو ہوکر دیوار توڑتا ہوا ایک گھر میں گھس گیا جس کے ملبے تلے دب کر  16 سالہ لڑکی  جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اہلکار اور امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ حادثے میں جاں بحق لڑکی اور زخمی ہونے والےافراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیاہےجب کہ ٹینکر گھر میں گھسنے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔

گھر میں گھسے ہوئے ٹینکر کو ہٹانے کے لیے جب کرین پہنچی تو علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور کہا کہ جب تک ٹینکر کا مالک یہاں نہیں آجاتا تب تک ٹینکر کو ہٹنے نہیں دیں گے ۔ اہل علاقہ نے ٹینکر کو گھر سے نکالنے پر پتھراؤ بھی کیا جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہوگئی اور پولیس نےمشتعل شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا۔

واضح رہے کہ انتظامیہ نے ٹینکر کو گھر سے نکالنے کی کوششیں تیز کردی ہیں جب کہ پولیس نے واقع میں ملوث ٹینکرڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔