پولیس افسرسمیت 3افراد کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 مارچ 2013
عباس ٹاؤن میں بم دھماکے کے بعدملزم نے روکنے پر فائرنگ کی تھی،ایس ایچ او. فوٹو : فائل

عباس ٹاؤن میں بم دھماکے کے بعدملزم نے روکنے پر فائرنگ کی تھی،ایس ایچ او. فوٹو : فائل

کراچی: سہراب گوٹھ پولیس نے موٹر وے پولیس کے افسر اورسچل تھانے کے ہیڈکانسٹیبل سمیت 3 افراد کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم کومقابلے کے بعدگرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا ۔

سہراب گوٹھ پولیس کوخفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ جمالی گوٹھ میں 3 افراد کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم موجود ہے جس پر پولیس پارٹی نے چھاپہ مار کر مقابلے کے بعد ملزم رحمت اﷲ افغانی کوگرفتار کر کے ایک پستول برآمد کرلیا ۔

ایس ایچ او نعیم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اتوار کوعباس ٹاؤن میں بم دھماکے کے بعد سپر ہائی وے پربراق پیٹرول پمپ کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران روکے جانے پراس نے پولیس پرفائرنگ کی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں موٹر وے پولیس کا پیٹرولنگ افسرمحمد شمیم، سچل تھانے کا ہیڈ کانسٹیبل محسن علی اور موٹر وے پولیس کے چالان کی رقم وصول کرنے والے کنٹریکٹر کا کیشئر اﷲ بخش ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ملزم اس سے قبل بھی الآصف اسکوائر پولیس چوکی کے انچارج نذیرحسین سمیت متعدد پولیس اہلکاروں کو قتل کرچکاہے، پولیس ملزم کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔