بدسلوکی کرنے والا ملزم بھارتی ایئرہوسٹس کے پاؤں پڑگیا

ویب ڈیسک  بدھ 22 نومبر 2017
معافی کے لیے ایئرہوسٹس نے ملزم کو پاؤں پکڑنے کا حکم دیا،فوٹو:انٹرنیٹ

معافی کے لیے ایئرہوسٹس نے ملزم کو پاؤں پکڑنے کا حکم دیا،فوٹو:انٹرنیٹ

حیدرآباد: بھارتی ایئرہوسٹس نے بدسلوکی کرنے والے مسافرسے پاؤں پکڑ کر معافی منگوالی۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست حیدرآباد کے راجیو گاندھی ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں انڈیگو ایئرلائن کی فضائی میزبان کے ساتھ 2 مسافروں کو بدتمیزی کرنا مہنگا پڑگیا۔ ایئرہوسٹس نے پولیس کو نشے میں دھت مسافروں کی جانب سے بدسلوکی کی شکایت کی جس پر پولیس نے ملزمان کو پکڑلیا اور انہیں ایئرپورٹ پر قائم پولیس چوکی لے جایا گیا۔ راستے میں  ملزمان نے ایئرہوسٹس سے معافی مانگتے ہوئے مقدمہ درج نہ کرانے کی منت سماجت کی تاہم ابتدائی طورپر خاتون نے ملزمان کے معذرت خوانہ رویّے کو نظرانداز کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ایئرلائن کی مسلم ایئرہوسٹس شراب پیش نہ کرنے پر نوکری سے فارغ

پولیس روم میں ایک ملزم نے مذکورہ ایئرہوسٹس کے سامنے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی اور اپنے کیے پر شرمندگی اور پشیمانی کا اظہار کیا تاہم خاتون نے اسے غیر مشروط طور پر معاف نہ کیا اور سب کے سامنے جھک کرپاؤں پکڑ کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جس پر ملزم نے سر جھکا کر خاتون کے پاؤں پکڑے اور معافی طلب کی۔ پاؤں پکڑنے پر ایئرہوسٹس نے ملزمان کو معاف کردیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: چینی فضائی کمپنی نے ایئرہوسٹس کو موٹاپے کے سبب جہاز سے اتار دیا

پولیس نے بھارت اور کلیان نامی ملزمان کے خلاف  کوئی مقدمہ درج نہیں کیا اور انہیں انتباہ کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔