جنید خان کی سوئنگ سے کنگز بھی بے حال ہوگئے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 22 نومبر 2017
آفریدی کی ٹیم ڈھاکا کو رنگپورکے ہاتھوں3 رنز سے مات، آل راؤنڈرکی2 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

آفریدی کی ٹیم ڈھاکا کو رنگپورکے ہاتھوں3 رنز سے مات، آل راؤنڈرکی2 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا: بنگلادیش پریمیئر لیگ میں جنید خان کی سوئنگ سے کنگز بھی بے حال ہو گئے۔

بنگلادیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائٹنز نے راجشاہی کنگز کو2 وکٹ سے ہرا دیا، ناکام سائیڈ نے 8 وکٹ پر 166رنز اسکور بورڈ پر سجائے، ڈیوائن اسمتھ 36 بالز پر 62رنز بناکر نمایاں رہے۔ مشفیق الرحیم 55 اور جیمز فرینکلن 29 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، پاکستانی پیسر جنید خان نے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جب کہ  ابوجاوید نے 2 شکارکیے۔

فاتح الیون نے ہدف 19.2 اوورز میں 8 وکٹ پر حاصل کرلیا، محمود اللہ نے 56 کی قائدانہ اننگز کھیلی، عارف الحق 43 اور ریلی روسو20 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے 29 رنز دے کر3 وکٹیں اڑائیں لیکن ان کی یہ کاوش ٹیم کے کام نہیں آسکی جب کہ کیوی پیسر فرینکلن نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

دن کے دوسرے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے ڈھاکا ڈائنامائٹس کو دلچسپ مقابلے میں 3رنز سے ہرادیا، ٹاس ہارنے والی رنگپور رائیڈرز کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 142رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کرس گیل نے 28 بالز پر 51 رنز بٹورے، ایم متھن22 رنز بناپائے، دیگر انٹرنیشنل اسٹارز میں برینڈن میک کولم 6، روی بوپارا12اور تھشارا پریرا15 رنز بناسکے جب کہ اسپنر شکیب الحسن نے 3.5 اوورز میں 16رنز دیکر5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

شاہد آفریدی نے 39 رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا، محمد عامر کو ایک وکٹ 34رنز کے بدلے ملی، ڈائنامائٹس جوابی اننگز میں 139 پر تمام ہوگئی۔ جوہرالاسلام 29 اور ایون لوئس28رنز بناکر کچھ ہمت دکھاپائے، شاہد آفریدی نے 15 گیندوں پر 21رنز بنائے، عامر بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے جب کہ مشرفی مرتضیٰ، سوہاگ غازی، روبیل حسین اور تھشارا پریرا نے 2،2 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔