پاکستان اور چین کا پرامن ہمسائیگی کا وژن مشترک ہے، شاہد خاقان

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 22 نومبر 2017
چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں، چینی نائب وزیرخارجہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات۔ فوٹو : آن لائن

چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں، چینی نائب وزیرخارجہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات۔ فوٹو : آن لائن

 اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں، ترقی اورخوشحالی کے لیے پاکستان اور چین کا پرامن ہمسائیگی کاوژن مشترک ہے۔

چینی نائب وزیرخارجہ کانگ یو ان یو کی سربراہی میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور چین کے تذویراتی تعاون کومزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں، ترقی اورخوشحالی کے لیے پاکستان اور چین کا پرامن ہمسائیگی کاوژن مشترک ہے۔

 

پاک چائنہ اسٹریٹیجک مذاکرات کے لیے آنیوالے  چینی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اورچینی سفیربھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چینی نائب وزیر خارجہ کانگ ژن ژو کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی شعبے میں تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانگ یو ان یو نے چینی وزیراعظم کی طرف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کونیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور چین کے بنیادی مسائل پرپاکستان کی حمایت کو سراہا، کانگ یو ان یو نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے 19ویں کانگریس کی کامیابی پر وزیراعظم  کی طرف سے چینی قیادت کو مبارکباد کے خط پر شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا پاکستان میں چلی کے سفیر (یو اے ای میں ریذیڈنٹ مشن کے ساتھ) جین پاول تارود  سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چلی کے درمیان مختلف فورموں پر تعاون سے عبارت خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔