مسلم لیگ (ن) میں انتشار کی افواہیں جھوٹی ثابت ہوگئیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 22 نومبر 2017

مسلم لیگ (ن) میں انتشار کی افواہیں جھوٹی ثابت

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں انتشار کی افواہیں جھوٹی ثابت ہوگئیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن بل کا مسترد ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے خلاف اڑائی جانے والی افواہیں ختم ہوگئی ہیں اور افواہیں اڑانے والے نامعلوم افراد کو جواب مل گیا کہ مسلم لیگ(ن) ایک گھرہے جس میں قائد نوازشریف کے نیچے سب متحد ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:شریف خاندان کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت جاری

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک دن تھا جب کہا جارہا تھا کہ نواز شریف ملک سے بھاگ گئے ہیں تاہم آج یہ دن بھی آگیا جب پوچھا جارہا ہے کہ نواز شریف کیوں پیش ہورہے ہیں، نوازشریف پر اقامے کا کیس بنایا گیا لیکن ان پر کرپشن کا کوئی ریفرنس نہیں بن سکا اور نہ ہی ان  کے خلاف کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم عدالت اس لیے بھی پیش ہورہے ہیں کہ ملک میں آئین و قانون کی پاسداری ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔