بلوچ باغیوں کی طرح کراچی والوں کو بھی ایک موقع ملنا چاہئے، مصطفیٰ کمال

ویب ڈیسک  بدھ 22 نومبر 2017
بھٹکے نوجوانوں کو راہ راست پر لانے نکلا ہوں، سربراہ پی ایس پی۔ فوٹو: فائل

بھٹکے نوجوانوں کو راہ راست پر لانے نکلا ہوں، سربراہ پی ایس پی۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: پاک سرزمین پاکستان کے سربراہ مصطفیٰ کمال نےکہا ہےکہ بلوچستان میں پہاڑ پر جانے والوں  لوگوں نے ہتھیار ڈالے اسی طرح کراچی کے لوگوں کو بھی مو قع دیناچاہئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کےلئے میدان میں آیا ہوں، کراچی کے ساڑھے تین سو لڑکے لاپتہ ہیں جبکہ اٹھارہ سو جیل میں ہیں ہم بلوچستان کی مثال دیتے ہیں جس طرح بلوچستان میں پہاڑ پر جانے والے لوگوں نے ہتھیار ڈالے اسی طرح کراچی کے لوگوں کو بھی مو قع دیناچاہئے۔

ایم کیوایم پاکستان پرتنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھاکہ ایم کیوایم سےاتحاد نہیں بلکہ دونوں جماعتوں کےانضمام کا فیصلہ ہواتھا اس حوالے سے جوبھی جھوٹ بول رہا ہے اس پر اللہ کی لعنت ہو۔

پی ایس پی کی سیاسی کامیابی کا زکر کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کا دورہ مفید رہا ہے ہم لوگوں کو جوڑنے آئے ہیں اور بہت جلد بلوچستان میں  سیاسی جدوجہد نظر آئےگی۔

ملک میں سیکیورٹی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھاکہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں ہوا، کراچی اور کوئٹہ میں بدامنی کی وجہ سے لاشیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے، امن کا قیام اس وقت ہوگا جب ریاست اپنی رٹ مکمل قائم کریگی

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے، اسپتالوں میں ادویات نہیں ہیں، لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں ہے ہر چیز آپریشن سے ٹھیک نہیں ہو گی،آپریشن کے ساتھ ساتھ ترقیات کے کام بھی کرنے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔