پی سی بی آئین میں تبدیلی کی کوشش موخر ہوگئی

سلیم خالق  جمعرات 23 نومبر 2017
عون زیدی کواسسٹنٹ منیجربنانے کیلیے شاہداسلم کوویمنزکرکٹ میں لے جایا گیا، فوٹو: فائل

عون زیدی کواسسٹنٹ منیجربنانے کیلیے شاہداسلم کوویمنزکرکٹ میں لے جایا گیا، فوٹو: فائل

کراچی:  پی سی بی کے آئین میں تبدیلی کی کوشش  موخرہوگئی، شکیل شیخ کی ایما پر رچائے جانے والے ڈرامے پر اسکرپٹ کے مطابق عمل نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں سیالکوٹ کے نمائندے محمد نعمان بٹ نے ریجنل کرکٹ عہدیداران کی مدت کا معاملہ اٹھایا۔ انھوں نے  موقف اختیار کیا کہ پاکستانی آئین کے مطابق وزیر اعظم یا کوئی بھی اور عہدہ پانے کیلیے ٹرمز مقرر نہیں، ایسے میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے ریجنل آفیشلز کیلیے تین سے زائد بار مقرر نہ ہونے کی حد رکھنا غلط ہے، اسے لامحدود کیا جائے۔ واضح رہے کہ نعمان بٹ گوجرانوالہ میں رہائش پذیر مگر سیالکوٹ کرکٹ کے سربراہ ہیں، انھیں سابق گورننگ بورڈ ممبر شکیل شیخ نے ہی ذمہ داری دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، اب انہی کی ایما پر انھوں نے یہ معاملہ اٹھایا تاکہ شکیل شیخ ایک بار پھر اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن میں عہدہ پا سکیں۔

مگر گذشتہ روز گورننگ بورڈ اراکین نے اس معاملے میں دلچسپی نہ دکھائی، ذرائع نے بتایا کہ  بعض ممبرز نے اعتراض کیا کہ تحریری تجویز موجود نہیں ایسے میں کیسے منظوری دے دی جائے، باقاعدہ طور پر پروپوزل بنا کر لائیں تو اس کا جائزہ لیں گے، یوں یہ معاملہ اب اگلی میٹنگ تک ٹل گیا، حیران کن طور پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے صحافیوں سے بات چیت میں اس کا کوئی ذکر تک نہیں کیا،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ میڈیا میں  سب کچھ پہلے ہی آ جانے سے کیس خراب ہوا اور شکیل شیخ کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔

اس میں بورڈ کی ہی ایک اعلیٰ شخصیت شامل تھی جو شکیل شیخ کو ناراض بھی نہیں کرنا چاہتی مگر آئینی ترمیم کے حق میں بھی نہ تھی،اسی نے صحافیوں کو ’’آف دی ریکارڈ‘‘ اس بارے میں بتایا جس پرسارا کھیل چوپٹ ہو گیا۔ دوسری جانب بظاہر شاہد اسلم کو ویمنز کرکٹ میں لا کر ان کی ترقی کر دی ہے مگر یہ معاملہ بھی اتنا سادہ نہیں، دراصل بورڈ کی ایک اعلیٰ شخصیت اپنے منظور نظر سوشل میڈیا کے عون زیدی کو اسسٹنٹ منیجر بنانا چاہتی تھی تاکہ ان کے ذریعے ٹیم کے معاملات پر نظر رکھی جائے، لہذا شاہد اسلم سے یہ ذمہ داری واپس لی گئی، میڈیا اور مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے عماد حمید کو بھی چیئرمین کے پی ایس کا تقررنامہ جاری ہو چکا، البتہ چونکہ ان کی ملازمت کو ابھی ایک سال مکمل نہیں ہوا لہذا فوری طور پر تنخواہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔