کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فرنیچرمارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی

ویب ڈیسک  جمعرات 23 نومبر 2017
آگ کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی۔ فوٹو : فائل

آگ کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی۔ فوٹو : فائل

کراچی: اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں فرنیچر مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بھاری مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر 5 کی ٹمبر مارکیٹ میں رات ساڑھے تین بجے  آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی 5 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہوگئیں، پانی ختم ہونے پر مزید گاڑیوں کو طلب کیا گیا جو بنارس میں جاری ترقیاتی  کام کے سلسلے میں کھودے گئے گڑھے میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے عمل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی سائٹ ایریا میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ

عینی شاہدین کے مطابق مارکیٹ میں موجود بجلی کے کھمبے  کے ساتھ لگے تارسے اچانک چنگاری نکلی اور فرنیچر کی دکان میں گرگئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچنے کے باعث نقصان زیادہ ہوا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی کے علاقے لانڈھی کی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی

فائر ٹینڈر آفیسر کے مطابق آگ مارکیٹ کی 8 دکانوں میں لگی اور ساڑھے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، اب کولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ واقعہ میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے یا جلنے کی اطلاع نہیں ملی، آگ کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی جس کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔