جولائی تا فروری؛ ایف بی آر 1155 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرسکا

بزنس رپورٹر  اتوار 10 مارچ 2013
وصولیاں نظرثانی شدہ سالانہ ہدف 2193 ارب کا 52.69 فیصد،4 ماہ میں ایف بی آر کو 259.25 ارب روپے ماہانہ کی اوسط سے مزید1037 ارب روپے جمع کرنا ہونگے.  فوٹو: فائل

وصولیاں نظرثانی شدہ سالانہ ہدف 2193 ارب کا 52.69 فیصد،4 ماہ میں ایف بی آر کو 259.25 ارب روپے ماہانہ کی اوسط سے مزید1037 ارب روپے جمع کرنا ہونگے. فوٹو: فائل

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال کے ابتدائی 8ماہ کے دوران 11کھرب55 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کا ریونیو حاصل کرلیا جس کے بعد رواں مالی سال کا ٹیکس ریونیوکا نظرثانی شدہ ہدف پورا کرنے کیلیے باقی 4ماہ کے دوران مزید 1037 ارب روپے کی وصولیاں کرنا ہوں گی۔

ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2012 سے فروری 2013 تک ایف بی آر نے 1155.5 ارب روپے کا ریونیو جمع کیا جوگزشتہ سال کی اسی عرصے کے مقابلے میں 4.1 زائد ہے۔ یاد رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف 2381 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا جسے بعد میں نظرثانی کر کے 2193 ارب روپے کردیا گیا تاہم گزشتہ 8 ماہ میں سالانہ ہدف کا 52.69 فیصد ہی حاصل کیا جا سکا ہے۔

2

جبکہ مالی سال کے ختم ہونے میں اب صرف 4 ماہ رہ گئے ہیں اور ان 4 ماہ یعنی مارچ سے جون2013 تک ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر کو 259.25 ارب روپے ماہانہ کی اوسط سے مزید1037 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 8ماہ کے دوران مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 4کھرب20 ارب روپے کا انکم ٹیکس، 5 کھرب23 ارب20 کروڑ روپے کا سیلزٹیکس،70 ارب 60 کروڑ روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور 1 کھرب 41ارب 30 کروڑ روپے کی کسٹم ڈیوٹی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔