پلاسٹک سرجری کے بعد ماں نے بیٹے کو پہچاننے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 24 نومبر 2017
نوپاجت مونلن کی آپریشن سے پہلے اور بعد کی تصویر۔ فوٹو: لیٹ می ان ویب سائٹ

نوپاجت مونلن کی آپریشن سے پہلے اور بعد کی تصویر۔ فوٹو: لیٹ می ان ویب سائٹ

بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکے نے پلاسٹک سرجری کے بعد  والدہ کو چہرہ دکھایا تو انہوں نے اسے پہچاننے سے انکار کردیا۔

22 سالہ نوپاجت مونلن کا ایک جبڑا پیدائشی طور پر ٹیڑھا تھا اور اس کے چہرے پر دیگر خامیاں بھی تھیں جب کہ اسکول سے لے کر کالج تک  اس کے ساتھی اس سے کتراتے تھے اوروہ  لوگوں کے مذاق سے تنگ آچکا تھا۔

اس کی خوش قسمتی کہ  اسے تھائی لینڈ کے ایک ایسے ٹی وی شو کے لیے منتخب کرلیا گیا جس میں شامل لوگوں کی مفت پلاسٹک سرجری کرکے ان کے تمام نقائص دور کئے جاتے ہیں ۔ اس شو کا نام ’لیٹ می ان‘ ہے جس میں لوگوں کی زندگی بہتر بنائی جاتی ہے۔

نوپاجت مونلن کے جبڑوں ، چہرے اور دیگر خدوخال کے کئی آپریشن کئے گئے، یہاں تک کہ پیشانی اور آنکھوں کے اطراف کو بھی آپریشن سے گزارا گیا اور یوں وہ ایک نئی شخصیت بن کر سامنے آیا جس سے دنیا حیران ہے۔ اس کے بعد اس کی جلد کو کئی مراحل سے گزار کر ہموار کیا گیا، اس کے بعد اسے 3 ماہ آرام کرایا گیا اور وہ ایک ایسے روپ میں سامنے آیا کہ اس کی ماں نے بھی اسے پہچاننے سے انکار کردیا۔

نوپاجت مونلن نے اپنی والدہ کے پاس جاکر کہا کہ ’ ماں میری طرف دیکھئے کیا، آپ مجھے پہنچانتی ہیں؟ اس پر ماں نے کہا کہ ’ کیا یہ تم ہی ہو؟ کیا واقعی تم ہو؟ پھر وہ بہت دیر تک اپنے بیٹے کا چہرہ دیکھتی رہیں اور آخر میں اس کی آواز اور اس کے چہرے پر سرجری کے ہلکے نشانات سے اسے پہچان لیا۔

شو میں نوپاجت مونلن نے بتایا کہ وہ خود بھی بہت اچھا محسوس کررہا ہے ۔ لوگوں اور معاشرے نے مجھے قبول نہیں کیا اور اب لوگ میرے پاس آتے ہیں اور میرے دوست بن رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔