سیکھنے کے مراحل سے گزر رہی ہوں،بالی وڈ میں جگہ بنانے کیلیے اسکرپٹ کو اہمیت دوں گی، سمنتھا روتھ

شوبز ڈیسک  اتوار 10 مارچ 2013
’’سنگم ٹو‘‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی،  کرداروں کو جاندار بنانے کے لیے سخت محنت کرتی ہوں،  ساؤتھ کی اداکارہ کی گفتگو۔  فوٹو: فائل

’’سنگم ٹو‘‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی، کرداروں کو جاندار بنانے کے لیے سخت محنت کرتی ہوں، ساؤتھ کی اداکارہ کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

ممبئی: ساؤتھ میں تامل اور تلگو فلموں میں پرفامنس کی دھوم مچانے والی اداکارہ سمنتھا روتھ پرابھو نئی ہندی فلم ’’سنگم ٹو ‘‘میں اجے دیوگن کی ہیروئن بنیں گی جب کہ اداکارہ کی رواںسال نئی فلم ’’اسی نوے پورا سو‘‘مکمل ہوچکی ہے اور اب یہ فلم ریلیز کے لیے تیار ہے۔

ہدایتکار گوتم مینن کی اس فلم میں اداکارہ نے اداکار ادیتیہ رائے کپور کے ساتھ لیڈنگ لیڈی رول نبھایا ہے ۔پروڈیوسرکمارکی اس فلم کو 2011کے دوران سیٹ کی زینت بنایا اور اب اسے ریلیز کرنے کی حتمی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔اس فلم کے لیے پہلے سونم کپور کو لیڈنگ لیڈی رول میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر آخری فیصلہ 25سالہ اداکارہ سمنتھا روتھ پرابھو کے حق میں کیا گیا۔

اور سمنتھا نے سونم کی جگہ لے کر لیڈنگ لیڈی رول نبھایا ۔ہدایتکارگوتم مینن نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بالی وڈ کے نئے دور کی سری دیوی متعارف کرانے جارہا ہوں ۔انھوں نے کہا کہ سمنتھا روتھ پرابھو نے ہندی فلم میں اپنی پرفارمنس سے منفرد مقام بنانے کی کامیاب کوشش کی ہے تاہم فلم کی ریلیز پر اس کے رسپانس پر ہی شائقین اس دعوے کا فیصلہ کریں گے۔ادھر اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہندی فلم میں پہلے بھی مختصر کردار نبھایا ہے۔فلم ’’اک دیوانہ تھا ‘‘میں مہمان اداکارہ کے طور پر کام کیا تو اس کے بعد کئی ہندی فلموں میں کام کرنے کی آفرز آنے لگیں۔

انھوں نے کہا کہ ساؤتھ میں بہت کام کیا اور اب ہندی سینماگھروں میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے شائقین کے دلوں میں اترنے کا ارادہ رکھتی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ گوتم مینن کی ہندی فلم کے لیے مختصر سے کردار کے لیے ساؤتھ کے ایک بڑے پراجیکٹ میں کام کرنے سے معذرت کرلی تھی تاہم بعدازاں گوتم مینن کے اس پراجیکٹ میں میرا مختصر کردار ہی کلک کرگیا اس کا زبردست رسپانس آیا اور بالی وڈ کے کئی پروڈیوسر زو ڈائریکٹرز نے رابطے شروع کر دیئے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ آنیوالی فلموں میں مجھے جو کردار ملے ہیں ساؤتھ میں ہو بہو ایسے کردار نبھانے کا اتفاق ہوا ہے مگر میں ان کرداروں کو مزید جاندار بنانے کے لیے سخت محنت کرتی رہی ہوں۔

1

انھوں نے کہا کہ ابھی تک مجھے جن فلموں میں پرفارم کرنے کے مواقع ملے ہیں ان میں ہر کردار پرستائش ہوئی ہے ۔بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈز سمیت اسی سطح کے سات ایوارڈز جیت چکی ہوں اور پانچ مرتبہ ایسے ایوارڈز کے لیے بہترین اداکارہ کے طورپر نامزدگیاں ہو ئی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔نئی فلمیں سوچ سمجھ کر سائن کررہی ہوں اور اپنی تمام تر توجہ اب ہندی فلموں پر مرکوز رکھنے کی کوشش کروں گی۔انھوں نے بتایا کہ ساؤتھ کی فلموں کے کچھ زیر تکمیل پراجیکٹس ہیں جنھیں مکمل کرانا بھی میری ترجیحات میں شامل ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اجے دیوگن کے ساتھ کام کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں۔

بالی وڈ کے میگااسٹارز کے ساتھ کام کرنے کے مواقع بھی میسر آرہے ہیں ۔واضح رہے کہ 28 اپریل 1987 کو ملیالم اور تلگو والدین کے گھر پیدا ہونے والیساؤتھ کی حسینہ نے چنائی سے ماڈلنگ کیرئیر کا آغاز کیا۔ پھر2007 کے دوران تلگو فلم سائن کی اور ان کی یہ پہلی فلم تھی جس میں انھوں نے مختصر کردار نبھایا۔اس فلم میں ان کی پرفارمنس کی بھی بہت تعریف کی گئی یہ فلم 2010 میں سینما گھروں کی زینت بنائی گئی تھی۔اسی سال اداکارہ کی تلگو فلم ’’یہ مایا چسیو‘‘ریلیز ہوئی ۔یہ ایک رومانوی فلم تھی جس میں شامل کئی گیتوں پر اداکارہ کی پرفامنس نے اس فلم کو یادگار بنادیا ۔اس فلم پر ساؤتھ کی بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی سمنتھا نے اپنے نام کرالیا۔

اس فلم کے لیے دو مزیدایوارڈزکے لیے بھی نامزدگیاں ہوئیں۔ 2010 میں ہی ریلیز ہونے والی تامل فلم ’’بناکھتابی ‘‘کے لیے اداکارہ کی عمدہ پرفارمنس پر نیشنل وجے ایوارڈز کے لیے ان کی نامزدگی ہوئی ۔اس کے بعد اداکارہ نے درجنوں تامل اور تلگو فلموں میں کردار نبھائے اور کئی فلموں میں بہترین پرفارمنس پر قومی سطح کے ایوارڈزجیتنے میں کامیاب رہیں۔رواں سال بھی درجن بھر ہندی، تامل اور تلگو فلمیں کررہی ہیں ۔حال ہی میں ان کی اداکارجیوا کے ساتھ ایک کامیاب تامل فلم پر انھیں ساؤتھ کی بہترین اداکارہ کا سنے ایوارڈ دیا گیا ہے۔

بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے ساؤتھ کے سپراسٹارز کے ساتھ کام کرکے اپنی شناخت بنائی ہے ان کی آنیوالی ہندی فلموں پر بھی شائقین کی نظریں ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ امیدکی جاسکتی ہے کہ سمنتھا کی نئی فلمیں شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گی ۔اداکارہ نے ابتدائی تعلیم چنائی کے انگلو انڈین ہائر سیکنڈری اسکول سے حاصل کی بعدازاں انھوں نے اسٹیلا مارس کالج سے کامرس میں گریجوایشن کی ڈگری لی ۔گھر میں تامل اور انگلش زبانیں بولنے میں مہارت رکھنے والی اداکارہ نے ہندی بھی سیکھنا شروع کردی۔اداکارہ نے بھارتی ٹی وی کے لیے بھی کام کیا اور چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے جلوے دکھائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔