سعودی عرب کا آئندہ برس سے سیاحتی ویزا دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 23 نومبر 2017
سیاحتی ویزوں میں آسانی کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی، سعودی حکام، فوٹو: انٹرنیٹ

سیاحتی ویزوں میں آسانی کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی، سعودی حکام، فوٹو: انٹرنیٹ

ریاض: سعودی عرب نے آئندہ برس سے سیاحت کے لیے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی۔

سعودی کمیشن فار ٹورازم اینڈ نیشنل ہیرٹیج کے سربراہ سلطان بن سلمان نے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ہمارا ہدف ہے کہ لوگ یہاں آئیں اور ہماری ریاست کی عظمت کا خود تجربہ کریں، ہمیں امید ہے کہ سال 2018ء میں ہم سیاحتی ویزے کا اجرا شروع کردیں گے، ویزے کا حصول  آسان بنانے کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی۔

یہ پڑھیں: سعودی عرب کا 500 ارب ڈالر سے تجارتی شہر تعمیر کرنے کا اعلان

سلطان بن سلمان نے کہا کہ ہمارے کمیشن کا مقصد سیاحوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے،  ہمارے اعدادوشمار  کے مطابق  سعودی عرب کے مقامی شہری سیاحت کی مد میں سالانہ 20 ارب ڈالر خرچ کرتے ہیں اس میں کمی کے پیش نظر سیاحتی مقامات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے پر کام جاری ہے اور اب سیاحتی ویزوں کے اجرا سے اس آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

یہ پڑھیں: سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمین پر فیملی ٹیکس عائد

اس ضمن میں سعودی حکومت نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب کے نزدیک ریڈ سی میں واقع جزیروں میں انفرااسٹرکچر قائم کرکے انہیں سیاحت کے لیے تیار کیا جائے گا،  وہاں سیر وتفریح کی سہولیات میسر کی جائیں گی ،اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2022ء تک مکمل ہوجائے گا، قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے انٹرٹینمنٹ سٹی کے قیام، تھیم پارک بنانے سمیت دیگر سیاحتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب تیل کی گرتی ہوئی قیمت کے سبب ریاست کی کم ہوتی ہوئی آمدنی کو بڑھانے کے لیے نت نئے ذرائع تلاش کرنے میں مصروف ہے، جن میں سعودی عرب میں موجود ہر غیر ملکی اور اہل خانہ پر ٹیکس کا نفاذ،  خام تیل کی قیمت میں اضافہ، تمباکو اور سافٹ ڈرنک پر سن ٹیکس (گناہ ٹیکس) عائد کرنا اور دیگر اقدامات شامل ہیں جب کہ سعودی عرب خود کو قدامت پسندی سے باہر لانے کے لیے بھی مختلف اصلاحات میں مصروف ہے جن میں تاریخ میں پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ اور فٹ بال میچز کے لیے گراؤنڈ جانے کی اجازت سرفہرست ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔