معاشی حالت سے دلبرداشتہ شخص نے خودکشی کر لی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 10 مارچ 2013
کریم گارمنٹ کے کارخانے میں سلائی کا کام کرتا تھا تاہم گذشتہ ایک سال سے بے روزگار تھا ۔ فوٹو: فائل

کریم گارمنٹ کے کارخانے میں سلائی کا کام کرتا تھا تاہم گذشتہ ایک سال سے بے روزگار تھا ۔ فوٹو: فائل

کراچی:  کورنگی کے رہائشی55سالہ بے روز گار شخص نے معاشی حالت سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق مکان نمبر413 گلی نمبر9بنگالی پاڑہ نورانی بستی سیکٹر 40/C کورنگی کے رہائشی 55 سالہ کریم نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر چھت پر لگی لکڑی سے لٹک کر خودکشی کر لی علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال پہنچایا ۔

علاقہ مکینوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفی بنگالی نژاد باشندہ تھا اور گزشتہ 20/15 سال سے بنگالی پاڑے میں رہائش پذیر تھا جبکہ گزشتہ10سال سے لال میاں نامی شخص کے مکانمیں کرائے پر رہتا تھا ، کریم گارمنٹ کے کارخانے میں سلائی کا کام کرتا تھا تاہم گذشتہ ایک سال سے بے روزگار تھا ۔

علاقے کے لوگ کھانے پینے کا سامان اور کبھی کچھ پیسے دے دیتے تھے جس سے وہ اپنا گزر بسر کر رہا تھا ، گذشتہ چند دنوں سے بے روزگاری سے کافی دلبرداشتہ تھا ہفتے کی صبح مذکورہ گھر سے تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے زمان ٹاؤن تھانے کی پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کے درجنوں لوگوں کے سامنے اندر سے بند گھر کے دروازے کی کنڈی توڑ کر اندر جا کر دیکھا تو ٹین کی چھت روکنے کے لیے لگائی گئی لکڑی سے رسی سے بندھی کریم کی لاش لٹک رہی تھی ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لیے لاش تدفین کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کے سپرد کر دی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔