خالد لطیف کیس میں تاحیات پابندی کیلیے بورڈ کا جوش ٹھنڈا پڑ گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 24 نومبر 2017
پی سی بی نے خالدلطیف کے کیس میں مزید توانائی صرف نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے خالدلطیف کے کیس میں مزید توانائی صرف نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور: خالد لطیف کو تاحیات پابندی کی سزا دلانے کے خواہاں پی سی بی کا جوش ٹھنڈا پڑ گیا۔

رواں سال پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث خالد لطیف، شرجیل خان اور شاہ زیب حسن نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا،محمد عرفان نے بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع نہ کرنے کی غلطی کا اعتراف کیا،ڈسپلنری کمیٹی نے انھیں 6 ماہ کیلیے معطل کیا،دیگر کے کیسز ٹریبیونل میں پیش ہوئے،شرجیل خان کو ڈھائی سال معطل سمیت 5سال پابندی اور خالد لطیف کو 5سال پابندی اور 20 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی جب کہ شرجیل خان نے اپنی پابندی جبکہ پی سی بی نے کم سزا کیخلاف اپیل کی تھی۔

کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایڈجوڈیکٹر جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھرنے دونوں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ٹریبیونل کا فیصلہ برقرار رکھا،اوپنر عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں،دوسری جانب خالد لطیف کیس میں بھی فریقین نے اپیلیں دائر کردی تھیں۔

پی سی بی کا موقف تھا کہ اوپنرکو اس جرم پر کوڈ میں تجویز کی گئی سب سے زیادہ سزا دیتے ہوئے تاحیات پابندی لگا دینا چاہیے تھی،اپیل کی سماعت ایڈجوڈیکٹر جسٹس(ر) فقیر محمد کھوکھر 28 نومبر کو کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے خالدلطیف کے کیس میں مزید توانائی صرف نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بورڈ تاحیات پابندی کے حوالے سے اپنا موقف ثابت کرنے پر زور نہیں دے گا،دوسری جانب خالد لطیف کے وکیل سزا کو چیلنج کریں گے۔

یاد رہے کہ اوپنر نے ٹریبیونل کی کارروائی پر لاہور ہائیکورٹ میں بھی اعتراض اٹھایا تھا لیکن درخواست اور اپیل دونوں مسترد ہوگئیں،امکان یہی ہے کہ ایڈجوڈیکٹر کا فیصلہ آنے کے بعد وہ بھی عدالت جائیںگے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔