خام تیل کی ملکی پیداوار میں گزشتہ ماہ 1 فیصد اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعـء 24 نومبر 2017
اکتوبر میں پیداوار87.8 ہزار بیرل یومیہ ہوگئی،گزشتہ 4ماہ میں8 فیصد بڑھی۔ فوٹو: فائل

اکتوبر میں پیداوار87.8 ہزار بیرل یومیہ ہوگئی،گزشتہ 4ماہ میں8 فیصد بڑھی۔ فوٹو: فائل

کراچی: خام تیل کی ملکی پیداوار گزشتہ ماہ 87ہزار 764بیرل یومیہ رہی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2017 میں خام تیل کی پیداوار ستمبر 2017 سے 4 فیصد جبکہ اکتوبر 2016کے مقابلے میں 1 فیصد زائد رہی، رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ (جولائی تااکتوبر) کے دوران خام تیل کی ملکی پیداوار میں 8فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران مقامی سطح پر خام تیل کی پیداوار 81ہزار 380 بیرل یومیہ رہی تھی، اکتوبر کے مہینے میں گیس کی پیداوار 3ہزار 721 مکعب ملین کیوبک فٹ رہی، اکتوبر 2016 کے مقابلے میں اکتوبر 2017کے دوران گیس کی پیداوار 3فیصد کم جبکہ ستمبر 2017کے مقابلے میں 2فیصد کم رہی۔

رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران گیس کی پیداوار گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2فیصد کم رہی، جولائی تا اکتوبر 2017کے دوران گیس کی پیداوار 3ہزار 829 مکعب ملین فٹ یومیہ رہی، رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کی خام تیل کی پیداوار 2فیصد اضافے سے 42ہزار 456بیرل یومیہ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کی 8فیصدبڑھ کر6ہزار 679 بیرل یومیہ جبکہ پی پی ایل کی پیداوار 9فیصد اضافے سے 15ہزار 217 بیرل یومیہ رہی۔

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران او جی ڈی سی ایل کی گیس کی پیداوار 1فیصد کمی سے 1ہزار 67 ایم ایم سی ایف رہی، پی او ایل کی پیداوار 15فیصد اضافے سے 82 ایم ایم سی ایف یومیہ جبکہ پی پی ایل کی پیداوار 1فیصد اضافے سے 851ایم ایم سی ایف یومیہ رہی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔