قومی ون ڈے کرکٹ؛ کراچی زیبراز نے مسلسل تیسری فتح کو گلے لگالیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 10 مارچ 2013
سیالکوٹ نے ملتان کو ہرادیا، منصور اقبال کی سنچری۔   فوٹو: فائل

سیالکوٹ نے ملتان کو ہرادیا، منصور اقبال کی سنچری۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں کراچی زیبراز نے فیصل آباد وولفز کو ڈی ایل قانون کے تحت ایک رن سے زیر کر کے مسلسل تیسری فتح کو گلے لگالیا۔

سمیع اسلم ، جہانگیر مرزا اور عدنان اکمل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت لاہور ایگلز نے حیدرآباد ہاکس کو4وکٹ سے ہرایا،بہاولپور اسٹگز نے کوئٹہ بیئرز کو 6وکٹ سے قابوکرلیا، عمران اللہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، منصور اقبال کی ناقابل شکست سنچری نے سیالکوٹ اسٹا لنز کو ملتان ٹائیگرز کے خلاف 5وکٹ سے کامیابی دلا دی، پشاور پینتھرز نے لاہور لائنز کو اپ سیٹ شکست دی، محمد عدنان نے5 وکٹیں لیں، ایبٹ آباد لیپرڈز نے اسلام آباد فالکنز کو ڈی ایل قانون کے تحت20رنز سے ہرایا، عمیر خان 91 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم میںکراچی زیبراز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46 اوورز میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، خرم منظور 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،سمیع اللہ نیا زی نے3 وکٹیں لیں، جواب میں فیصل آباد وولفز نے43اوورز میں 7 وکٹ  پر180 رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کے بعد کراچی زیبراز کو ڈی ایل قانون کے تحت ایک رن سے فاتح قرار دیدیا گیا،ذیشان بٹ 67 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،گروپ اے میں میونسپل اسپورٹس کمپلیکس، میر پور خاص میں حیدرآباد ہاکس  نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ50 اوورز میں 237 رنز بنائے،رضوان فرید73 اور تاج وسان 69 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔

6

عدنان رسول نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں، جواب میں لاہور ایگلز نے6 وکٹیں گنوا کر 48 اوورز میں ٹارگٹ حاصل کر لیا،سمیع اسلم نے71 اور جہانگیر مرزا نے54 رنز اسکور کیے، عدنان اکمل نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ میر جی لانڈھی میں میر کرکٹ گراؤنڈ پر کوئٹہ بیئرز کی ٹیم49 اوورز میں 144 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی،عابد علی 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،فضل الہی نے4 اور مدثر رائے نے3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا،بہاولپور نے 31.5 اوورز میں 4وکٹوں کی قربانی دے کر کامیابی پالی، عمران اللہ 7 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔

شہید بینظیر بھٹو اسٹیڈیم میں ملتان ٹائیگرز کی ٹیم49.2اوورز میں 234 رنز بنا کر پویلین لوٹی،شعیب مقصود نے91 رنز کی اننگز کھیلی، سیالکوٹ اسٹالینز نے5 وکٹ پر ہدف حاصل کر لیا،منصور امجد نے ناقابل شکست سنچری داغی، ان کی اننگز میں7چوکے اور 3 چھکے شامل تھے،یاسر عزیزنے66 رنز بنائے،گروپ بی میں قذافی اسٹیڈیم میں پشاور پینتھرز نے7وکٹ پر 294رنز جوڑے جس میں نواز شاہ کے 93 رنز بھی شامل رہے، افتخار احمد نے 81 رنزناٹ آؤٹ بنائے،محمد رضوان نے  55 رنز اسکور کیے ، اعزاز چیمہ نے61رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،جواب میں لاہور لائنز کی ٹیم 47.4 اوورز میں 214 رنز پر رخصت ہو گئی۔

سلمان علی آغا نے 42رنز بنائے، محمد عدنان نے46 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا جبکہ زوہیب خان نے  3 وکٹیں اپنے نام کیں، اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ پر میزبان لیپرڈز نے50 اوررز میں 9 وکٹ پر 275 رنز بنائے،عمیر خان 91 رنزپر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ راحیل مجید نے47 رنز کا اضافہ کیا،کامران نے 3 اور یاسر شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کیا، جواب میں ایبٹ آباد فالکنز نے 47.1 اوورز میں  9 وکٹیں گنوا کر 244 رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کے باعث مزید کھیل جاری رکھنا ممکن نہ رہا، ڈی ایل قانون کے تحت میزبان ٹیم کو20رنز سے فاتح قرار دیدیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔